1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈيلٹا ویریئنٹ پاکستان سميت کئی ملکوں ميں تباہی مچا سکتا ہے

30 جولائی 2021

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کيا ہے کہ کورونا وائرس کی انتہائی مہلک قسم ڈيلٹا پاکستان سميت کئی ممالک ميں تباہی مچا سکتی ہے۔ دوسری جانب حکومتيں اس صورت حال سے بچنے کے ليے حکمت عملی اختيار کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3yK4T
Pakistan Covid-19 | Freiwillige für chinesichen Impfstoff
تصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

ورلڈ ہيلتھ آرگنائزيشن (WHO) نے مشرقی بحيرہ روم کے ٹائم زون والے ممالک کے ليے انتباہ جاری کيا ہے کہ وہاں کورونا کی چوتھی لہر پھيل سکتی ہے۔ اس خطے ميں مراکش سے پاکستان تک کے ممالک آتے ہيں۔ مذکورہ ممالک کو باقی دنيا کے مقابلے ميں سست رفتار ويکسينيشن پروگراموں کی وجہ سے کورونا وائرس کی انتہائی مہلک قسم ڈيلٹا سے خطرہ لاحق ہے۔ خطے کے ممالک ميں ايسے افراد کی تعداد صرف ساڑھے پانچ فيصد ہے، جنہيں کورونا سے بچاؤ کے ٹيکوں کی دونوں خوراکيں لگ چکی ہيں۔

پاکستان، کورونا وائرس کیسز کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر

کورونا ویکسین کے بارے میں بڑھتے شکوک و شبہات

کورونا کی انتہائی مہلک قسم ڈيلٹا سب سے پہلے بھارت ميں نمودار ہوئی تھی۔ چند ہی ماہ ميں يہ پوری دنيا ميں پھيل چکی ہے اور اب بيشتر خطوں اور ملکوں ميں 'ڈيلٹا ويريئنٹ‘ تيزی سے پھيل رہا ہے۔ امريکا سميت کئی ملکوں نے اس صورت حال سے نمٹنے کے ليے حکمت عملی ترتيب دی ہے۔ صدر جو بائيڈن نے کہا ہے کہ تمام سرکاری ملازمين کے ليے عنقريب ويکسينيشن سرٹيفيکيٹ پيش کرنا لازمی ہو گا۔ ديگر صورتوں ميں ان ملازمين کو دفاتر ميں چہرے پر حفاظتی ماسک پہننا پڑے گا اور باقاعدگی سے کورونا کے ٹيسٹ بھی کرانا ہوں گے۔ بائيڈن نے مزيد کہا کہ وہ محکمہ دفاع پينٹاگون کو مشورہ ديں گے کہ ڈيوٹی پر موجود تمام فوجیوں کے ليے بھی ويکسين لازمی قرار دی جائے۔ انہوں نے رياستی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ ويکسين لگوانے والوں کو سو سو ڈالر ادا کريں۔ اس اقدام کا مقصد ہچکچانے والے لوگوں کو ويکسين کے ليے ترغیب دینا ہے۔

اسرائيل ميں وزير اعظم نفتالی بينيٹ نے اعلان کيا ہے کہ آئندہ اتوار سے ساٹھ سال سے زائد عمر کے تمام افراد تيسرا ٹيکا لگوا سکتے ہيں۔ انہوں نے عوام سے اپيل کی ہے کہ وہ 'بوسٹر شاٹ‘ لگوائيں، جو ممکنہ طور پر ڈيلٹا وائرس کے خلاف اضافی تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔

چند ملکوں ميں تو ويکسينيشن کے باوجود پابندياں بھی نافذ کی جا رہی ہيں۔ لا ری يونين نامی فرانسيسی خطے اور اسپين کے کاتالونيا ميں ايسا ہو رہا ہے۔ دوسری جانب پرتگال نے مرحلہ وار انداز سے نرمياں متعارف کرا دی ہيں۔

چين، جہاں سے مبينہ طور پر کورونا وائرس کی شروعات ہوئی، وہاں بھی تين صوبوں ميں ڈيلٹا کی تشخيص ہو چکی ہے۔

ع س / ع ح (اے ايف پی)