ڈوئچے بان تہتر نئی انتہائی تیز رفتار ٹرینیں خریدے گی
21 مئی 2023جرمنی کی سب سے بڑی ریل کمپنی ڈوئچے بان (ڈی بی) دو ارب یورو مالیت کی 73 نئی مسافر ٹرینوں کی خریداری کے ساتھ انٹر سٹی ایکسپریس یا آئی سی ای کہلانے والی اپنی بہت تیز رفتار ٹرینوں کے بیڑے میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔
ڈوئچے بان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان نئی ٹرینوں میں سے 56 ہسپانوی مینوفیکچرر ٹیلگو کے آئی سی ای-ایل ماڈل کی ہوں گی۔ یہ ٹرینیں ابتدائی طور پر برلن اور ایمسٹرڈم کے درمیان زیادہ سے زیادہ 230 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
سترہ دیگر ٹرینیں آئی سی ای-نیو تھری ماڈل کی ہوں گی۔ اس طرز کی ریل گاڑیاں 300 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتارسے چلتی ہیں اور انہیں پہلے ہی برلن اور میونخ جیسے بڑے جرمن شہروں کے درمیان رابطوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ آئی سی ای نیو تھری ٹرینیں جرمن کمپنی سیمنز موبیلیٹی بناتی ہے۔
پورے جرمنی کے لیے نو یورو ماہانہ کی ٹرین ٹکٹ بہت کامیاب رہی
جرمن ریل کمپنی ڈوئچے بان نے گزشتہ سال ستمبر میں پہلی بار ٹیلگو کا تیار کردہ ماڈل پیش کیا تھا اور ابتدائی طور پر ایسی 23 ریل گاڑیوں کا آرڈر دیا تھا، جنہیں اکتوبر 2024 سے عملاﹰ ریلوے ٹریک پر ہونا چاہیے۔ اسی طرح 56 آئی سی ای-ایل ٹرینوں کا اضافی آرڈر بھی سن 2026 کے بعد پہلی بار سروس میں آ جانے کی توقع ہے۔ ڈوئچے بان کے مطابق یہ ٹرینیں 2030 تک مکمل طور پر اس کی پیسنجر سروس کا حصہ بن جائیں گی۔
آئی سی ای ٹرینوں کی موجودہ اوسط عمر 18 سال ہے لیکن سن 2030 تک یہ کم ہو کر 12 سال تک رہ جائےگی۔ ڈوئچے بان کے طویل فاصلوں تک مسافروں کی ٹرانسپورٹ کے شعبے کے ڈائریکٹر میشائل پیٹرسن نے کہا، ''ڈوئچے بان آنے والے سالوں میں ایک جامع تجدید کے عمل سے گزرے گی۔ ہمیں پہلے سے ہی اس سال ہر ماہ اوسطاً تین نئی انٹر سٹی ایکسپریس ٹرینیں موصول ہونا شروع ہو جائیں گی۔‘‘
ش ر ⁄ م م (ڈی پی اے)