1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی

22 نومبر 2011

امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر آج منگل کو مزید کمی کے بعد ریکارڈ حد تک گر گئی۔ اس کی ایک بڑی وجہ بھارتی اسٹاک مارکیٹوں میں خسارے کا رجحان بھی رہا۔

https://p.dw.com/p/13EtF
تصویر: DW

بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں یہ ریکارڈ کمی بھارتی کرنسی کی بہت زیادہ فروخت کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر وجوہات میں یورو زون کے قرضوں کے بحران کی وجہ سے پائے جانے والے خدشات بھی شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق بھارتی مالیاتی منڈی میں عالمی معیشت کی موجودہ صورت حال پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ ان سب عوامل نے مل کر بھارتی روپے کو اس حد تک دباؤ کا شکار کر دیا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر ریکارڈ حد تک گر گئی۔

بھارتی مرکزی بینک کی کوشش ہے کہ وہ ملک میں افراط زر کو قابو میں لائے لیکن روپے کی قدر میں کمی سے بھارتی مرکزی بینک کی مشکلات میں اور اضافہ ہو گیا ہے۔ منگل کی صبح جب فارن ایکسچینج کی مارکیٹیں کھلیں تو ایک امریکی ڈالر 52.50 بھارتی روپے کے برابر ہو چکا تھا۔

بھارتی روپے کی قدر میں کمی کو ملکی معیشت کے لیے اچھی نہیں سمجھا جا رہا۔ اس طرح تیل کی درآمدات مہنگی ہو جائیں گی، جن کی قیمت ابھی تک امریکی ڈالر میں ادا کی جاتی ہے۔ یوں بھارتی صارفین کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ملک میں اور زیادہ مہنگائی کا سبب بنے گا۔

Indien neues Symbol für die Rupie
تصویر: picture alliance/dpa

فارن ایکسچینج کے ڈیلروں کے بقول یورو زون اور عالمی معیشت کے بارے میں خدشات کی وجہ سے بھارتی سرمایہ کاروں نے زیادہ ڈالر خریدنا شروع کر دیے ہیں۔ ان تاجروں کا کہنا ہے کہ بحرانی حالات میں بھارتی سرمایہ کار ڈالر کو ہی محفوظ سمجھتے ہیں۔ اس لیے بھارتی روپے کو بیچ کر ڈالر کی خریداری کے رجحان نے بھارتی کرنسی کو امریکی کرنسی کے مقابلے میں اس کی نئی نچلی ترین سطح تک پہنچا دیا۔

بہت سے تاجروں کی رائے میں روپے کی قدر میں کمی بھارتی وزارت خزانہ کے ایک بیان کی وجہ سے بھی ہوئی جو پیر کو دیا گیا تھا۔ اس بیان میں کہا گیا تھا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کے پاس یہ صلاحیت محدود ہے کہ وہ روپے کی قدر میں کمی کو پوری طرح کنٹرول کر سکے۔

بھارت کی درآمدات اس کی برآمدات سے کافی زیادہ ہیں۔ بھارتی درآمدات میں صرف تیل کا حصہ ایک تہائی بنتا ہے۔ بھارتی روپے کی قدر میں اس سال کے شروع سے اب تک 14 فیصد کمی ہو چکی ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں