1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین کا کل سے دوبارہ ہر طرح کے ویزوں کے اجرا کا فیصلہ

14 مارچ 2023

یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ چین تین برس تک سخت کورونا پابندیوں کے بعد غیر ملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں دوبارہ کھول رہا ہے۔ ہانگ کانگ، مکاؤ اور آسیان ممالک کے غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری داخلہ بھی دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/4Odb9
China Shenyang Flughafen EInreise Zoll
تصویر: Yu HaiyangHPIC/dpa/picture alliance

چینی وزارت خارجہ نے منگل 14 مارچ کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ 15 مارچ بدھ کے دن سے غیر ملکیوں کو ہر قسم کے ویزے جاری کرنا دوبارہ شروع کر دے گی۔ سفری پابندیوں میں نرمی کا یہ اعلان چین کو بیرونی دنیا کے لیے دوبارہ کھولنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

یورپی یونین کی چین کو مفت کووڈ ویکسین کی پیش کش

بیجنگ حکومت نے گزشتہ دسمبر میں کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے اپنی ’صفر برداشت‘ کی پالیسی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا پھر اگلے ہی مہینے سے اپنی سرحدیں دوبارہ کھولنا شروع کر دی تھیں۔

چین: غیر معمولی احتجاجی مظاہروں کے بعد کووڈ کی پابندیاں ختم

غیر ملکیوں کے لیے چین کے نئے سفری قوانین کیا؟

چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کووڈ انیس کی وبا سے پہلے چین کے جن علاقوں میں ویزے کی ضرورت نہیں تھی، وہ پھر سے ویزا فری داخلے کی پالیسی پر واپس آجائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ہانگ کانگ، مکاؤ اور آسیان گروپ میں شامل ممالک کے غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری داخلہ بھی دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔

کورونا وبا، چین میں بچوں کی شرح پیدائش مزید کم ہو گئی

اس اعلان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بیجنگ ہینان جزیرے کے کروز بحری جہازوں کی گزرگاہ اور شنگھائی کی بندرگاہوں جیسے مختلف مقامات سے بھی پابندیاں ہٹا رہا ہے۔

کووڈ لاک ڈاؤن کی وجہ سے چین کی معاشی ترقی کی رفتار سست ہو گئی

اعلان کے مطابق 28 مارچ سن 2020 سے پہلے جاری کیے گئے ویزے، جن کی میعاد اگر اب بھی باقی ہو، ان کی بنیاد پر بھی چین میں داخلے کی دوبارہ اجازت ہو گی۔

China Guangdong Einreise Touristen
اقوام متحدہ کی ایک ذیلی تنظیم عالمی ادارہ سیاحت کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں سن 2019 میں کورونا کی وبا سے پہلے تک 65.7 ملین بین الاقوامی سیاح جاتےتھے۔ تاہم اس کے بعد اگلے ہی سال یہ تعداد 8 ملین تک گر گئی تھیتصویر: HPIC/dpa/picture alliance

چین نے اپنی تازہ فہرست میں مزید ان 40 ممالک کو بھی شامل کیا ہے، جن کے لیے گروپ ٹورز کی بھی اجازت ہو گی۔ لیکن اس میں اب بھی جاپان، جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور امریکہ شامل نہیں ہیں۔

کووڈ انیس سے متعلق صفر برداشت کی پالیسی کا خاتمہ

ملک کے نئے وزیر اعظم لی کیانگ نے پیر کے روز کہا تھا کہ چین نے کووڈ انیس سے نمٹنے کے لیے جو حکمت عملی اپنائی تھی، اس سے ’ہموار منتقلی‘ تک پہنچنے میں دو ماہ سے بھی کم کا وقت لگا اور اس حوالے سے حکومتی پالیسی اور اقدامات بالکل درست تھے۔

دنیا کے دیگر ممالک نے پہلے ہی اپنی سرحدیں دوبارہ کھولنا شروع کر دی تھیں، تاہم چین نے کورونا کی وبا سے متعلق اپنی سخت پالیسی جاری رکھی اور جب ملک کے کئی حصوں میں اس کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے، تب حکومت نے اپنی سخت پالیسی میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔

پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے کووڈ کے کیسز میں اچانک زبردست اضافہ بھی ہوا تھا۔ بیجنگ نے سفر کرنے والوں کے لیے قرنطینہ کی ضروریات کو ترک کر دیا تھا تاہم ویزا پر پابندیاں برقرار رکھی گئی تھیں، جو اب 15 مارچ سے ختم کی جا رہی ہیں۔

پابندیوں میں نرمی کے بعد حکومت نے ’سیاحت‘ یا ’بیرون ملک رہنے والے دوستوں‘ سے ملاقاتوں کے لیے اپنے شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنا بھی دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی ایک ذیلی تنظیم عالمی ادارہ سیاحت کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں سن 2019 میں کورونا کی وبا سے پہلے تک 65.7 ملین بین الاقوامی سیاح جاتےتھے۔ تاہم اس کے بعد اگلے ہی سال یہ تعداد 8 ملین تک گر گئی تھی۔

ص ز / م م (اے ایف پی، روئٹرز)

کورونا بحران، چینی کسانوں کے کاروبار کرنے کے انوکھے طریقے