1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں کوئلہ کمپنی کی عمارت میں آتشزدگی، 26 افراد ہلاک

16 نومبر 2023

شمالی چین میں جمعرات کے روز ایک کوئلہ کمپنی کی عمارت میں آگ لگ جانے سے کم از کم 26 افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/4YrPK
چین میں آگ لگنے کے حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں
چین میں آگ لگنے کے حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیںتصویر: AP Photo/picture alliance

چین کی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق آتش زدگی کا یہ واقعہ شمالی شانزی صوبے کے لیولیانگ شہر میں پیش آیا۔ جس عمارت میں آگ لگی اس میں یونگ جو کوئلہ کمپنی کے دفاتر واقع ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے بتایا کہ آگ کوئلہ کمپنی کی عمارت کے پانچویں منزل میں لگی۔ آگ سے کم از کم 26 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے جب کہ درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

مقامی حکام نے بتایا کہ بچاو اور راحت کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ سرکاری حکام اور دیگر عہدیداروں نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب نہیں دیے۔

شنگھائی کی عمارت میں آتشزدگی: کم از کم 53 ہلاک

حکام نے بتایا کہ عمارت میں پھنسے ہوئے کم از کم 63 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔ آگ دفتر کے ایک کمرے سے شروع ہوئی جس نے پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

چین میں کوئلہ کانوں میں حفاظتی ضابطوں کو اکثر نظر انداز کردیا جاتا ہے
چین میں کوئلہ کانوں میں حفاظتی ضابطوں کو اکثر نظر انداز کردیا جاتا ہےتصویر: Chen Sihan/Xinhua/picture alliance

چین میں آگ لگنے کے واقعات عام

چین میں سیفٹی کے کمزور قوانین کی وجہ سے آگ لگنے کے حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ حالیہ عرصے میں چین کی کوئلہ کانوں کے علاوہ کمرشیل مقامات پر بھی آتشزنی کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں۔ حالانکہ حکومت حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کررہی ہے۔

اپریل میں بیجنگ کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس واقعے پر عوام نے مقامی حکام کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

جون میں شمال مغربی چین میں ایک ریستوراں میں آگ لگنے کی وجہ سے 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

چین کی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے درجنوں افراد ہلاک

چین کے تیانجن میں سال 2015 میں سب سے خطرناک آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جب ایک کیمیکل کے گودام میں دھماکہ ہوجانے سے 165 افراد مارے گئے تھے۔

ملک میں آئے دن ہونے والی آتش زدگی کے واقعات کے مدنظر تحفظ کے نظام کو بہتر بنانے اورعوام کو بیدار کرنے کے لیے ایک ملک گیر مہم شروع کی گئی ہے۔

 ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)