1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں پانڈا کے تین جڑواں بچوں کی پیدائش

عدنان اسحاق14 اگست 2014

دیو قامت پانڈا ناپید ہونے کے خطرے سے دو چار ہیں۔ جنگلوں میں بہت کم ہی پانڈا پائے جاتے ہیں جبکہ پنجروں میں موجود پانڈا شاذ و نادر ہی بچے دیتے ہیں۔ تاہم جنوبی چین میں پانڈا کی افزائش نسل کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1CtEz
تصویر: Reuters

چین میں گزشتہ کئی برسوں کے دوران یہ پہلا موقع ہے جب ایک ہی حمل سے پانڈا کے تین بچے پیدا ہوئے ہیں۔ چین میں پانڈا کے تحفظ کے لیے قائم ادارے نے بتایا کہ ژو ژیاؤ نامی پانڈا نے ان تین بچوں کو گوانژو شہر کے شیمالونگ سفاری پارک میں جنم دیا۔ اس پارک کی انتظامیہ نے ان بچوں کی پیدائش کو ایک معجزے سے تعبیر کیا ہے۔

پارک کی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ پیدائش کے بعد ماں کی حالت اس قدر خرب ہو گئی تھی کہ وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے قابل نہیں تھی۔ اس وجہ سے بچوں کو فوری طور پر انیکوبیٹر میں رکھا گیا تھا۔ بعد ازاں ژو ژیاؤ کی طبیعت ٹھیک ہونے پر بچوں کو ماں کے پاس پہنچا دیا گیا تھا۔

Chinesische Pandabären nach Belgien
تصویر: STR/AFP/Getty Images

پانڈا بچے 29 جولائی کو پیدا ہوئے تھے تاہم حکام نے دانستہ طور پر اس خبر کو عام نہیں ہونے دیا۔ حکام کے بقول پیدائش کے وقت یہ انتہائی کمزور تھے اور ان کا وزن بھی بہت ہی کم تھا اس وجہ سے ان کی حالت مستحکم ہونے تک کا انتظار کیا گیا۔ ابھی تک ان ننھے منے پانڈا کوکوئی نام نہیں دیا گیا ہے۔

ماہرین کے اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں سیاہ اور سفید دھبوں والے ریچھ نما ان جانوروں کی تعداد صرف سولہ سو رہ گئی ہے۔ تاہم اس دوران چڑیا گھروں میں اس جانور کی نسل بچانے کی کوششیں جاری ہیں اور جن میں کامیابی بھی ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایک چینی ماہر لی ڈیشینگ نے پانڈا بچوں کی پیدائش کو چینی حکومت کی جانب سے پانڈا کی افزائش نسل کے منصوبے میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

ان کے بقول ’’ اگر یہ تینوں بچے چھ ماہ تک زندہ رہ گئے تو یہ اس پروگرام میں سنگ میل ثابت ہو گا‘‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چین میں اس سے قبل بھی پانڈا کے تین بچے ایک ساتھ پیدا ہوئے ہیں لیکن کوئی بھی چھ ماہ تک زندہ نہیں رہ سکا۔ تحقیقی مرکز کے مطابق رواں برس مارچ میں ماہرین نے ژو ژیاؤ کو دو مرتبہ مصنوعی طریقے سے حاملہ کرنے کو کوشش کی تھی، جس کے بعد ماہرین کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

China Panda Babies
تصویر: Reuters

پانڈا کی یہ نسل 1.8میٹر طویل ہوتی ہے اور ان میں سے کئی کا وزن 160 کلو تک بھی ہوتا ہے۔ ریچھ کی نسل سے تعلق رکھنے والا یہ جانور عام طور پر وسطی چین کے پہاڑوں میں رہتا ہے۔ تاہم جنگلوں کی کٹائی اور زراعت کے لیے زمین کے استعمال میں اضافے کی وجہ سے ان جانوروں کا وجود خطرے میں پڑ گیا۔

گزشتہ چند برسوں سے بیجنگ حکومت نے بہت سے علاقوں کو پانڈا کے لیے محفوظ کر دیا ہے اور سرکاری تحقیقاتی مراکز میں ان کی افزائش نسل کے پروگراموں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پانڈا کو چین میں علامتی جانور کی حیثیت حاصل ہے۔