چین میں لینڈ سلائڈئنگ،14 افراد ہلاک،25لاپتہ
9 مئی 2016مرکزی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے ماہرین اور امدادی کارکنان 100.000 مکعب میٹر حجم کے اس پہاڑ کے ایک حصے سے گرنے والے پتھروں اور مٹی کے تودوں کو ہٹانے اور زندگی کے آثار کی تلاش میں مصروف ہیں۔
اتوار کی صبح ایک دفتری عمارت مٹی کے تودے کی زد میں آگئی تھی، جب کہ اس میں موجود مزدورں ملبے تلے دب گئے تھے۔
اس حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک شخص ڈینگ چن وو نے چین کے سرکاری خبر رساں ادارےشِنہواکو بتایا، ’’ہم سو رہے تھے، جب پہاڑ بہت زور سے ہلنے لگے اور اس سے پہلے کہ ہم کچھ سمجھ پاتے، ہمارے گھر میں ریت اور مٹی بھر چکی تھی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ڈینگ اور دیگر تین مزدوروں نے ایک ستون کے نیچے سمٹ کر اپنی جان بچائی۔
چینی نیوز ایجنسی اور سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے بہت سے افراد ہڈیاں ٹوٹنے اور دوسری چوٹیں آنے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس اور آگ بجھانے والے کارکنوں سمیت 600 سے زائد امدادی کارکن، لاپتہ افراد کی تلاش اور جائے حادثہ کو جانے والی سڑکوں کی صفائی کی کوشش کرتے رہے ہیں، جو سیلاب اور مٹی کے تودوں کی وجہ سے بند تھیں اور بھاری مشینری کے راستے میں رکاوٹ پیدا کر رہی تھیں۔
ضلعی محکمے کے ایک سرکاری اہلکار کے مطابق اس تازہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی تاہم یہ علاقہ گزشتہ چند برسوں میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا شکار ہے۔