1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

چین میں حادثہ، جنوبی کوریا کے دس بچے ہلاک

بینش جاوید AFP
9 مئی 2017

مشرقی چين ميں آج بروز منگل پيش آنے والے ايک ٹريفک حادثے ميں جنوبی کوريا کے کم از کم دس بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسکول کے بچوں کو لے جانے والی یہ بس ايک سرنگ ميں سفر کر رہی تھی۔

https://p.dw.com/p/2cfjj
China Zwölf Tote bei Busunglück
تصویر: picture-alliance/dpa/YNA

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مقامی وقت کے مطابق تقريباً نو بجے کسی چيز سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ لگ گئی تھی۔ ہلاک ہونے والے بچوں کی عمريں چار سے سات برسوں کے درميان تھيں اور وہ صوبہ شان ڈونگ کے شہر وائی ہائی کے رہنے والے تھے۔

چين ميں جنوبی کوريائی سفارتی عملے کے ايک رکن نے اس حادثے کی تصديق کر دی ہے تاہم ہلاک شدگان کی درست تعداد تاحال واضح نہيں۔ ايک اور ويب سائٹ نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بارہ کے لگ بھگ بتائی ہے۔ چینی حکام نے ابھی تک ایسے دو بچوں کی شہریت کے بارے میں نہیں بتایا جو جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے بچوں کے ساتھ اس واقعے میں ہلاک ہوئے۔

پیپلز ڈیلی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس کو آگ لگی ہوئی ہے اور گاڑیاں اس بس سے دور ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔

اس بس میں سوار بچے جنوبی کوریائی بچوں کے لیے بنائے گئے ایک بین الاقوامی اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ چین میں ٹریفک حادثات معمول کی بات ہے۔ چینی حکام کے مطابق سن 2015 میں چین میں 180 ہزار ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے جن میں 58 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔