1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں انٹرنیٹ یوزرز کی تعداد 564 ملین

Afsar Awan17 جنوری 2013

چین میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2012ء میں 50.9 ملین اضافے کے بعد 564 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ چین کے سرکاری ڈیٹا کے مطابق اس تیز رفتار اضافے کی وجہ موبائل ڈیوائسز کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی ہے۔

https://p.dw.com/p/17LXz
تصویر: AFP/Getty Images

چین کے انٹرنیٹ انفارمیشن سینٹر کی طرف سے منگل کے روز یہ اعداد وشمار اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے۔ چین کی کُل آبادی 1.3 بلین ہے، اس طرح انٹرنیٹ صارفین کی تعداد اس کی کُل آبادی کے قریب نصف تک پہنچ گئی ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں انٹرنیٹ یوزرز کی تعداد میں 10 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

اس سینٹر کی طرف سے گزشتہ برس بتایا گیا تھا کہ 2011ء کے دوران چین میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد پہلی مرتبہ 500 ملین کے سنگ میل سے بڑھ گئی تھی۔

تازہ اعداو شمار کے مطابق 2012ء کے دوران موبائل ڈیوائسز کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے والے صارفین کی تعداد 420 ملین ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں یہ تعداد 18.1 فیصد زائد ہے۔

ء کے دوران چین میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد پہلی مرتبہ 500 ملین کے سنگ میل سے بڑھ گئی تھی
ء کے دوران چین میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد پہلی مرتبہ 500 ملین کے سنگ میل سے بڑھ گئی تھیتصویر: AFP/Getty Images

چین میں ٹویٹر کی طرز کی مائیکرو بلاگنگ سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بھی حیرت انگیز اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں یہ تعداد 58.73 ملین کے اضافے کے ساتھ 309 ملین تک پہنچ گئی ہے۔

چین میں انٹرنیٹ پرعائد سنسر شپ کے باوجود اس کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ’گریٹ فائر وال‘ کے نام سے جانے والے اس سنسر شپ کا مقصد آن لائن پابندیاں اور حدود لاگو کرنا ہے۔ دنیا کی اس دوسری سب سے بڑی معیشت میں آن لائن شاپنگ کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں آن لائن شاپنگ میں 24.8 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب ایسے صارفین کی تعداد 242 ملین تک پہنچ چکی ہے۔

aba/ai (AFP)