چین میں 6.2 شدت کا زلزلہ: ایک سو سے بھی زائد افراد ہلاک
19 دسمبر 2023پیر کے روز شمال مغربی چین میں 6.2 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک کم از کم 111 افراد کے ہلاک اور 230 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔
چین، شمال مغربی اور جنوب مغربی علاقے زلزلے سے لرز اٹھے
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق زلزلے کی وجہ سے گانسو صوبے میں 100 اور اس کے پڑوسی صوبے چنگھائی میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
کیا شمالی کوریا میں زلزلہ ایک اور جوہری دھماکے کا نتیجہ؟
تاہم کسی بھی سرکاری رپورٹ میں لاپتہ افراد کی تعداد کا ذکر نہیں ہے۔ زلزلہ گانسو کی جیشیشان قصبے میں پیر کو مقامی وقت کے مطابق رات کو تقریبا ًبارہ بجے آیا۔
تائیوان میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد اٹھائیس ہو گئی
یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) کے مطابق زلزلے کا مرکز گانسو کے صوبائی دارالحکومت لانژو سے102 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب میں واقع تھا۔
جنوبی تائیوان میں شدید زلزلہ، دَس سے زائد ہلاک
چین میں زلزلہ نیٹ ورکس سینٹر (سی ای این سی) کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح چین کے شمال مغربی صوبے سنکیانگ کے علاقے میں بھی 5.5 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا۔
امدادی آپریشن جاری
زلزلے سے علاقے میں پانی اور بجلی کی کچھ لائنوں کو نقصان پہنچا اور متاثرہ علاقوں میں آمد و رفت اور مواصلات میں خلل پڑا ہے۔ تاہم حکام نے اس حوالے سے مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
نقصان کس قدر ہوا اس کا اندازہ لگانے اور اسی مناسبت سے امدادی کارروائیوں کے لیے تجاویز کے لیے ایک ٹیم کو مقرر کیا گیا ہے۔
زلزلہ متاثرین کی کسمپرسی، تیسری رات بھی گزر گئی
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی اطلاعات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے میں ہلاکتوں کو کم سے کم کرنے کے لیے ہر ممکن تلاش اور بچاؤ کی کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے اطلاع دی ہے کہ چین میں ایمرجنسی مینجمنٹ کی وزارت نے تباہی سے متعلق امدادی ایمرجنسی کو پانچویں درجے تک فعال کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق تقریباً 2,200 امدادی کارکنوں کے ساتھ ہی پیشہ ورانہ ہنگامی امدادی ٹیموں کو آفت زدہ علاقے میں بھیجا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ خطہ ایک پہاڑی علاقہ ہے، جہاں امداد فراہم کرنا کافی مشکل ہے اور زلزلے کے علاوہ بھی وہاں ایسے کئی عوامل ہیں جس کی وجہ سے امدادی کوششوں میں مشکلیں آ رہی ہیں۔
ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے پی)