1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ کی تاریخ کا ناقابل فراموش سیمی فائنل

8 مئی 2019

لیورپول کی ٹیم نے ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا کو چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں حیران کن شکست دی ہے۔ برطانوی فٹ کلب تین گول سے ہارتے ہارتے چار گول کر کے تاریخی فتح سے ہمکنار ہوئی۔

https://p.dw.com/p/3I7uS
Fussball Champions League Halbfinale l FC Liverpool vs FC Barcelona | 3:0
تصویر: Reuters/P. Noble

یورپی فٹ بال کلبوں کا متعبر ترین ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں ایک تاریخ رقم ہوئی ہے۔ پہلی مرتبہ کوئی ٹیم تین گول کے خسارے سے نکل کر چار گول کرتے ہوئے کامیاب رہی ہے۔ یہ برطانوی کلب لیورپول ہے،جس نے مشہور ہسپانوی کلب بارسلونا کو ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔

لیور پول کی ٹیم کے دو بہترین کھلاڑی محمد صلاح اور رابرٹ فرمینو بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ ہسپانوی فٹ بال کلب کے پہلے مرحلے میں تین گول ہونے کے بعد ایسی کوئی امید نہیں تھی کہ لیورپول میچ جیت سکتی ہے۔ لیکن برطانوی کلب کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

لیور پول کے بیلجیم سے تعلق رکھنے والے متبادل فارورڈ کھلاڑی ڈیووک اوریگی اور ٹیم میں تبدیلی کے بعد میدان میں اتارے گئے ڈچ کھلاڑی گیورگینو وینالڈیم نے دو دو گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم ترین کردار ادا کیا۔ پہلے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ میں لیورپول نے چار گول کیے اور بارسلونا کوئی گول نہیں کر سکی تھی۔ اسی طرح پہلے مرحلے کے میچ کے تین گول بھی بارسلونا کو شکست سے نہیں بچا سکے۔

Fussball Champions League Halbfinale l FC Liverpool vs FC Barcelona | Trainer Jürgen Klopp
برطانوی فٹ بال کلب لیورپول کے کوچ ژؤرگن کلوپ اپنی ٹیم کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: Getty Images/C. Brunskill

چیمپیئنز لیگ کا فائنل میچ پہلی جون کو ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں کھیلا جائے گا۔ بعض مبصرین نے لیور پول کو فائنل میچ کی فیورٹ ٹیم قرار دیا ہے۔ اگر لیورپول ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو وہ چھٹی مرتبہ یورپی چیمپیئن شپ جیتے گی۔

لیورپول کی شاندار کامیابی پر اُس کے کوچ ژؤرگن کلوپ کی تکنیک اور ٹیم کا مورال بلند کرنے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔ مشہور کوچ ہوزے مورینو کا کہنا ہے کہ لیورپول کی کامیابی میں کلوپ کی ذہنی حکمت عملی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ مورینو کے مطابق کلوپ ہی کی منصوبہ بندی سے لیورپول کی ٹیم فائنل کھیلنے کی اہل ہوئی ہے۔

چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں لیورپول تیسری ٹیم ہے جس نے یہ پرفارمنس دی ہے اور تین گول کا خسارہ ختم کر کے سیمی فائنل میچ جیتا ہے۔ ماضی میں سن 1970-71 میں یونانی فٹ بال کلب  پاناتھینائکوس (Panathinaikos) اور سن 1985-86 کے سیزن میں بارسلونا نے تین تین گول کا خسارہ ختم کرتے ہوئے اپنے اپنے سیمی فائنل لیول کے میچوں کو جیتا تھا۔