1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’چُوکا، ہميں وقت بتا دے‘ بھلا دیے گئے مہاجرین پر ایک فلم

عاصم سلیم Shirin Shakib
19 اکتوبر 2017

دو فلمسازوں نے بحر الکاہل کے جزائر ناورو اور مانوس پر قائم مہاجرين کے حراستی مراکز پر ايک دستاويزی فلم بنائی ہے۔ اس فلم ميں وہاں موجود مہاجرين کی روز مرہ کی زندگی و مہاجرين پر کيے جانے والے مبينہ تشدد کی عکاسی کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2mAnM
 Dokumentarfilm „Chauka, wie spät ist es?“ (Chauka, wie spät ist es?)
تصویر: Chauka, wie spät ist es?

’چُوکا، ہميں وقت بتا دے‘ کے عنوان سے يہ فلم پاپوا نيو گنی کے جزيرے مانوس پر قائم ايک حراستی کيمپ کے سابقہ رہائشی ايرانی پناہ گزين بہروز بوشانی اور يورپی رياست ہالينڈ کے رہائشی ايرانی فلمساز عرش کاملی سروستانی نے مل کر بنائی ہے۔ يہ فلم اب تک دو بين الاقوامی ايوارڈز بھی جيت چکی ہے۔ ’چُوکا‘ در اصل ايک پرندے کا نام ہے جو اس جزيرے پر رہتا ہے۔ مانوس کے حراستی مرکز پر ’چُوکا‘ اس مخصوص يونٹ يا کمرے کا نام بھی ہے، جہاں مہاجرين کو سزا کے طور پر مکمل تنہائی ميں رکھا جاتا ہے۔ اس فلم کی کہانی ميں دکھايا گيا ہے کہ اس کمرے ميں مہاجرين کو اکثر تشدد کا نشانہ بنايا جاتا ہے۔

ہالينڈ کے رہائشی ايرانی فلمساز عرش کاملی سروستانی
ہالينڈ کے رہائشی ايرانی فلمساز عرش کاملی سروستانیتصویر: privat

فلم کے بارے ميں ڈی ڈبليو سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے بوشانی نے کہا، ’’ہم نے ناممکن کو ممکن کر دکھايا ہے۔‘‘ پورے کے پورے حراستی مرکز کی ويڈيو سی سی ٹی وی کيمروں کے ذريعے مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ مرکز ميں موجود اکثريتی ايرانی پناہ گزين کيمرے کے سامنے بوشانی سے بات بھی نہيں کرنا چاہتے تھے۔ ايسے ہی حقائق کو ياد کرتے ہوئے بوشانی کہتے ہيں، ’’ہم نے يہ فلم کافی مشکل صورتحال ميں بنائی۔ فلم کی شوٹنگ چھ ماہ ميں مکمل کی گئی۔ يہ فلم ان تقريباً دو ہزار پناہ گزينوں کی داستان کی عکاسی کرتی ہے، جنہيں شايد بھلايا جا چکا ہے۔ ہم چاہتے تھے ان کی آوازيں عالمی سطح پر سنائی ديں۔‘‘ سروستانی کے بقول يہ فلم مہاجرين کے علاوہ مقامی لوگوں کے بارے ميں بھی ہے کيونکہ يہ سب ہی آسٹريليا کی ہجرت سے متعلق پاليسيوں سے متاثر ہوتے ہيں۔

مانوس پر قائم ايک حراستی کيمپ کے سابقہ رہائشی ايرانی پناہ گزين بہروز بوشانی
مانوس پر قائم ايک حراستی کيمپ کے سابقہ رہائشی ايرانی پناہ گزين بہروز بوشانیتصویر: Behrouz Boochani

آسٹريلوی محکمہ اميگريشن کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے قريب چار برسوں کے درميان پاپوا نيو گنی کے جزائر مانوس اور ناورو پر 2,125 پناہ گزين زير حراست رہے ہيں۔ رواں سال ستمبر کے اختتام تک وہاں قريب گيارہ سو تارکين وطن موجود تھے۔ آسٹريلوی حکومت کی پاليسيوں کے مطابق سمندر سے پکڑے جانے والے تارکين وطن کو سياسی پناہ نہيں دی جاتی بلکہ انہيں آسٹريلوی حدود سے باہر قائم ان جزائر پر حراست ميں رکھا جاتا ہے۔