1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چين: سابق پوليس چيف کو 15 برس قيد کی سزا

Grahame Lucas24 ستمبر 2012

آج چين ميں چينگ ڈو کی ايک عدالت نے ملک کے سابق پوليس سربراہ وانگ لی جُن کو پندرہ برس قيد کی سزا سنائی ہے۔ چين ميں لی جُن ہی کے انکشافات کا نتيجہ ہے کہ گزشتہ چند دہائيوں کے سب سے بڑا سياسی اسکينڈل سامنے آيا تھا۔

https://p.dw.com/p/16DKo
تصویر: Getty Images

چين کے جنوب مغربی شہر چينگ ڈو کے انٹرميڈيٹ پيپلز کورٹ نے وانگ لی جُن کے خلاف فيصلے کی تفصيلات پر جاری کردہ اپنے بيان ميں کہا ہے کہ لی جُن کو ان پر لگائے گئے تمام الزامات ميں مجرم قرار ديا گيا ہے۔ وانگ لی جُن کو رشوت لينے کے جرم ميں نو سال قيد، قانون ميں رد و بدل کرنے کے جرم ميں سات سال جبکہ اپنے اختيارات کے غير قانونی استعمال اور قانون کی خلاف ورزی کے جرائم ميں دو دو سال قيد کی سزا سنائی گئی۔ چينی قانون کے تحت ان کی سزا کی مدت کو کم کر کے مجموعی طور پر پندرہ سال تک کر ديا گيا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ايف پی کی رپورٹ کے مطابق لی جُن عدالتی فيصلے کے خلاف اپيل دائر نہيں کريں گے۔

وانگ لی جُن نے رواں سال فروری ميں شينگڈو ميں امريکی قونصل خانے ميں پناہ لی تھی۔ اس پيش رفت کے تينتيس گھنٹوں بعد ہی لی جُن نے قونصل خانہ چھوڑنے کا فيصلہ کيا، جس کے بعد سکيورٹی اہلکار انہيں گرفتار کرتے ہوئے دارالحکومت بيجينگ لے گئے۔

عدالتی کارروائی جنوب مغربی شہر چينگ ڈو ميں ہوئی
عدالتی کارروائی جنوب مغربی شہر چينگ ڈو ميں ہوئیتصویر: Reuters

چينگ ڈو کی متعلقہ عدالت کے بيان ميں يہ بھی بتايا گيا ہے کہ عدالتی کارروائی ميں وانگ لی جُن کے ساتھ نرمی اس ليے کی گئی کيونکہ انہوں نے برطانوی بزنس مین نِیل ہے وُڈ کے قتل کا پردہ فاش ہی نہيں کيا بلکہ اس ميں بو ژيلائی کی اہليہ کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کيا۔ واضح رہے کہ لی جُن کے انکشافات کے نتیجے میں چین کے ابھرتے ہوئے سیاستدان بو ژیلائی کا سیاسی کیریئر اختتام کو پہنچ چکا ہے جبکہ بو کی اہلیہ کو مقدمے کا سامنا کرنا پڑا اور اُسے سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔

دوسری جانب چين ميں اٹھارویں پارٹی کانگریس کے انعقاد سے چند ہفتے قبل اس مقدمے کی تکمیل یہ ظاہر کرتی ہے کہ سیاسی اعتبار سے یہ مقدمہ کتنا نازک تھا۔ چينی اہلکار اور سياسی تجزيہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس پيش رفت کے پس منظر ميں بو ژیلائی کا مستقبل واضح نہيں۔ سياسی تجزيہ نگار مانتے ہيں کہ عوام کے کچھ دھڑوں اور سياستدانوں کے درميان بو ژیلائی کی مقبوليت کے پيش نظر حکومت کو ان کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فيصلہ بہت ہی محتاط انداز ميں کرنا ہو گا۔

as / ia / AFP