1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چين اور امريکا کے درميان تجارتی چپقلش

18 مئی 2012

امريکا نے چين سے درآمد کردہ شمسی توانائی کو بجلی ميں تبديل کرنے والے سولر پينلز پر اضافی محصول لگا ديا ہے۔

https://p.dw.com/p/14xcP
تصویر: Feng Yu/Fotolia

 جواب میں چین نے امريکا پر الزام لگايا ہے کہ وہ اپنی ملکی صنعت کو چينی تجارتی مقابلے سے بچانے کے ليے يہ محصول لگا رہا ہے حالانکہ خود امريکا عام طور پر دوسرے ملکوں کے اس قسم کے اقدامات پر نکتہ چينی کرتا رہتا ہے۔ اس طرح دنيا کی دو سب سے بڑی معيشتوں امريکا اور چين کے درميان شديد تجارتی تنازعہ جاری ہے۔ 

چينی سولر پينلز پر يہ نئے محصولات 30 فيصد کی شرح سے ہيں جو توقع سے بہت زيادہ ہيں۔ امريکی محکمہء تجارت نے يہ محصول مقامی امریکی تاجروں کی اس شکايت کے بعد لگائے ہيں کہ چينی کمپنياں بہت سستی قيمت پر اپنی مصنوعات امريکی منڈيوں ميں لا رہی ہيں۔ يہ نئے محصولات چينی کمپنيوں کی توقع سے اس قدر زيادہ ہيں کہ انہوں نے اپنی پيداوار کو کہيں اور منتقل کرنے يا متبادل منڈياں تلاش کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔

امريکی وزير خارجہ ہليری کلنٹن اور چينی صدر ہو جن تاؤ
امريکی وزير خارجہ ہليری کلنٹن اور چينی صدر ہو جن تاؤتصویر: Reuters

چين کی وزارت تجارت کے ايک ترجمان نے کہا کہ امريکی محصولات غير منصفانہ ہيں اور چين ان پر بہت ناخوش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امريکا توانائی کے صاف ستھرے شعبے ميں تلخی پيدا کر کے تجارت ميں اپنی صنعت کو تحفظ دينے کے ليے مداخلت کرتے ہوئے دنيا کو ايک منفی پيغام دے رہا ہے۔ ليکن چين نے اس پر فوری جوابی کارروائی کا کوئی اعلان نہيں کيا ہے۔

ترجمان نے مزيد کہا کہ ان امريکی اقدامات سے توانائی کے قدرتی ذرائع کے صاف ستھرے شعبے ميں چينی امريکی تعلقات کو نقصان پہنچا ہے۔ وزارت خارجہ کے ايک ترجمان نے کہا کہ چین يہ سمجھتا ہے کہ امريکا موزوں طريقوں کے ذريعے اس مسئلے کو حل کر سکتا ہے اور چينی مطالبات کے جواب ميں عملی قدم اٹھا سکتا ہے۔

نومبر ميں اپنے دوبارہ انتخاب کے ليے بھرپور کوشش کرنے والے امريکی صدر اوباما يہ کہہ چکے ہيں کہ وہ چين کے غیر منصفانہ تجارتی طريقوں پر ضرب لگائيں گے۔ امريکا نے فولادی پائپوں، بجلی کے کمبلوں، پنسلوں اور بعض دوسری اشياء پر بھی بھاری محصولات عائد کر دیے ہیں اور اس بارے ميں تحقيقات جاری ہيں کہ آيا فولاد سے بنے درآمد شدہ واش بيسن امريکہ ميں بہت زيادہ کم قيمت پر فروخت ہو رہے ہيں۔

چين اور امريکہ کے درميان اسٹرٹيجک اور اقتصادی مکالمت
چين اور امريکہ کے درميان اسٹرٹيجک اور اقتصادی مکالمتتصویر: AP

چين يہ دھمکی دے چکا ہے کہ اگر امريکہ نے چينی سولر پينلز پر محصولات عائد کیے تو وہ امريکا سے درآمد کیے جانے والے پولی سليکون مادے پر تجارتی ٹيکس لگا دے گا۔ يہ مادہ سولر پينلز کی تياری کے ليے لازمی ہوتا ہے۔ ڈوئچے بينک کی ايک رپورٹ ميں بھی کہا گيا ہے کہ چينی سولر پينلز پر محصولات لگانے کے جواب ميں چين کی طرف سے امريکی پولی سليکون پر تجارتی ٹيکس عائد کرنے کا خطرہ بڑھ گيا ہے۔

sas,aa, Reuters