چمگادڑوں میں کورونا وائرس، چینی تحقیق، 2018ء کی امریکی تنبیہ
16 اپریل 2020کورونا وائرس کی جو نئی قسم اب تک دنیا بھر میں اکیس لاکھ سے زائد انسانوں کو بیمار اور ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد کو ہلاک کر چکی ہے، وہ ایک عالمی وبا کی صورت میں چین کے شہر ووہان سے پھیلی تھی۔ ووہان میں ہی چین کا بین الاقوامی معیار کا ایک ایسا جدید ترین سائنسی تحقیقی مرکز بھی ہے، جو ووہان انسٹیٹیوٹ آف وائرالوجی یا ڈبلیو آئی وی کہلاتا ہے۔ یہ سائنسی تحقیقی ادارہ چینی ریاست کی طرف سے مہیا کردہ وسائل استعمال کرتے ہوئے کام کرتا ہے۔
اس بارے میں امریکا اور یورپ میں برطانیہ سمیت کئی ممالک یہ مطالبے بھی کرتے ہیں کہ چینی حکومت سے یہ وضاحت طلب کی جانا چاہیے کہ یہ وائرس ووہان سے نکل کر پوری دنیا میں کیسے پھیلا؟ امریکی خفیہ ادارے اور اعلیٰ فوجی حکام یہ تسلیم کرتے ہیں کہ یہ نیا کورونا وائرس شاید کسی تجربہ گاہ میں صرف انسانوں کا تیا رکردہ نہیں ہے بلکہ یہ قدرتی طور پر جانوروں میں بھی پایا جاتا ہے۔ مگر چین میں دو سال پہلے تک ووہان انسٹیٹیوٹ میں چمگادڑوں میں پائے جانے والے کورونا وائرس پر چینی ماہرین جو تحقیق کر رہے تھے، اس سے متعلق ماضی کی امریکی تنبیہات کی اب سامنے آنے والی تفصیلات کے باوجود اصل حقیقت تک پہنچنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
چین کی طرف سے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق ہر قسم کے سازشی نظریات کی واضح طور پر تردید کی جاتی ہے۔ دوسری طرف امریکا اور چین کے کچھ سفارتی اہلکار اس وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق ایک دوسرے کے ممالک پر دوطرفہ الزامات بھی عائد کر چکے ہیں۔ دو ماہ قبل فروری میں ووہان کے وائرالوجی انسٹیٹیوٹ نے ایسی افواہوں کی بھرپور تردید بھی کر دی تھی کہ نیا کورونا وائرس اس ادارے نےمصنوعی طور پر تیار کیا تھا۔
اس سلسلے میں نئی تفصیلات امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی طرف سے شائع کردہ ایک ایسے مضمون میں سامنے آئیں، جس میں مصنف جَوش روگِن نے امریکی محکمہ خارجہ کی چند سفارتی دستاویزات کا باقاعدہ حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے دو سال پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ ووہان کے وائرالوجی انسٹیٹیوٹ کی جس تجربہ گاہ میں چمگادڑوں میں پائے جانے والے کورونا وائرس پر مطالعاتی تحقیق کی جا رہی تھی، وہ وہاں کیے گئے سلامتی کے مبینہ طور پر ناکافی انتظامات کے باعث 'غیر محفوظ‘ تھی۔
ساتھ ہی ان امریکی سفارتی کیبلز میں یہ تنبیہ بھی کی گئی تھی کہ ڈبلیو آئی وی کی تجربہ گاہ میں سلامتی کی صورت حال اور انتظامی معاملات کمزور تھے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق نئے کورونا وائرس کی موجودہ وبا کے دنیا بھر میں پھیلنے سے دو سال قبل بیجنگ میں امریکی سفارت خانے کے حکام نے ووہان میں ڈبلیو آئی وائی کے متعدد دورے کیے تھے، جن کے بعد واشنگٹن حکومت کو دو مرتبہ ایسی تحریری تنبیہات کر دی گئی تھیں کہ ووہان کی تجربہ گاہ میں سلامتی کے انتظامات 'ناقص‘ تھے۔
ان کیبلز میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ تب اس وائرس کے اس ادارے میں کام کرنے والے افراد میں منتقل ہو جانے کا خطرہ بھی موجودہ تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ مختلف امریکی تحقیقی اداروں اور یونیورسٹیوں کو اس انسٹیٹیوٹ کے ساتھ اپنے تعاون میں اضافہ کرتے ہوئے اسے مزید وسائل بھی مہیا کرنا چاہییں تاکہ وہاں موجود خامیوں پر قابو پایا جا سکے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ان سفارتی کیبلز میں مبینہ طور پر یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ووہان انسٹیٹیوٹ میں چمگادڑوں میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے 'پرخطر مطالعے‘ کیے جا رہے تھے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ان کیبلز میں کہی گئی باتوں کے تناظر میں امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ میں اس بارے میں ہونے والی بحث شدید ہو گئی ہے کہ آیا ووہان میں پہلے پہل پھیلنے والا کورونا وائرس اسی تجربہ گاہ یا اسی شہر میں کسی اور لیبارٹری سے پھیلا تھا۔ تازہ بحث اور تفصیلات کے منظر پر آنے کے باوجود اس بارے میں کوئی بھی بات سو فیصد یقین کے ساتھ ابھی تک نہیں کہی جا سکتی۔
م م / ش ح (روئٹرز، اے ایف پی، واشنگٹن پوسٹ)