چاقو حملوں میں ملوث عثمان خان سزا یافتہ تھا: لندن پولیس
30 نومبر 2019برطانوی حکام کے مطابق اٹھائیس سالہ حملہ آور عثمان خان کی پیدائش لندن میں ہوئی اور وہ برطانوی شہری تھا۔ اس نے اپنی نوجوانی میں کچھ عرصہ پاکستان میں گزارا تھا، جہاں اطلاعات ہیں کہ اس کا رجحان مذہبی انتہا پسندی کی طرف ہو گیا تھا۔
اسے برطانیہ میں سن 2012 میں دہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی تھی۔ عثمان خان کو پچھلے سال ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔
برطانوی اخبار ٹائمز کے مطابق اسے اس شرط پر رہائی ملی تھی کہ وہ الیکٹرانک ٹیگ پہنے رکھے گا تاکہ اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔
برطانوی پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ عثمان خان جیسا مجرم جیل جانے کے بعد کیسے رہا ہوا اور مبینہ تخریب کاری کی منصوبہ بندی کی۔
لندن بِرج پر گزشتہ روز کے حملے میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں دو خواتین اور ایک مرد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملے کے وقت ملزم نے اپنے جسم پر دھماکا خیز مواد کی جعلی جیکٹ پہن رکھی تھی۔ اسے بعد میں پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے، جب برطانیہ میں عام انتخابات میں دو ہفتوں سے بھی کم وقت بچا ہے۔