پی ایس ایل کا شایان شان آغاز، پہلی شام یونائیٹد کے نام
10 فروری 2017افتتاحی تقریب میں ٹورنامنٹ میں شریک پانچوں ٹیموں کے 105 کرکٹرز اور آفیشلز نے 20 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے مارچ پاسٹ کیا۔ اس کے بعد منعقدہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے دی۔
جمعرات کی شام افتتاحی تقریب کے آغاز پر پشاور زلمی کے بعد اسلام آباد یونائیٹد کے کھلاڑیوں کی سب سے زیادہ پذیرائی ہوئی، جو قومی لباس شلوار قمیض پہن کر تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔
قومی ترانے کے بعد فلائنگ ڈرمرز نے اپنا کمال فن دکھا کر داد سمیٹی۔ شہزاد رائے اور علی ظفر کے بعد جمیکا کے مشہور گویے شیگی نے نغمہ سرا ہو کر حاضرین کی رگوں میں توانیاں بھر دیں۔ اس موقع پر آتش بازی اور لیزر شو کا اعلیٰ مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ پی ایس ایل 2 پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے راہ ہموار کرے گا۔ پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستانیوں کو کرکٹ کھیلنی اور کھلانی آتی ہے اور فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔
دیر سویر، بارش اور رنز کا تہوار
بد انتظامی کی وجہ سے پونے دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 2 کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹد نے پشاور زلمی کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے ہرا کر دو پوائنٹس حاصل کر لیے۔ دوسری اننگز میں ہونے والی بارش کے بعد یونائیٹڈ کو کامیابی کے لیے 18 اوورز میں 173رنز بنانا تھے، جو اس نے بیڈ ہیڈن اور ڈیوائن سمتھ کی دھواں دھار 104 رنز کی شراکت کے ذریعے آخری اوور میں مکمل کر لیے۔ مین آف دی میچ ہیڈن نے 8 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ انہی کے ہم وطن سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے جنید خان کو 17ویں اوورز میں دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر مصباح اینڈ کمپنی کا کام آسان کر دیا۔
تماشائی مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے جائے تقریب پر پہنچنا شروع ہوئے تھے لیکن جب سام بلنگ نے چوکا لگا کر میچ ختم کیا تواسٹیڈیم کی گھڑی اگلی صبح کے پونے دو بجا رہی تھی۔
اس سے پہلے پشاور زلمی نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے دبئی کی خلاف معمول باؤنسی بیٹنگ پچ پر مقررہ 20 اوورز میں 190رنز بنائے۔ ایک موقع پر زلمی کا 200 کا ہندسہ عبور کرنا یقینی تھا لیکن کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد شین واٹسن اور محمد سمیع کی تیز شاٹ پچ باؤلنگ کے سامنے پشاور کے بیٹسمین سرنگوں ہو گئے۔ واٹسن نے چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔
کامران کے چھکے اورمومنہ کا شعر
حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں 1000 فرسٹ کلاس رنز، سات سینچریاں اور چیف سلیکٹر کی طرف داری بھی کامران اکمل کو دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل نہ کرا سکی تھی۔ لیکن اس سے دلبرداشتہ ہوئے بغیر پی ایس ایل 2 کے افتتاحی میچ میں بھی گھاگ وکٹ کیپر بیٹسمین ’ہاٹ فارم‘ میں نظر آئےاور 183کے اسٹرائیک ریٹ پر 88 رنز بنا کردکھا دیا کہ ابھی ان میں واقعی دم ہے۔ تین برس سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور کامران کو دوسری ہی گیند کھیلنے میدان میں اترنا پڑا، جس پر انہوں نے ٹورنامنٹ کا پہلا رن تھرڈ مین پہ کھیل کر بنایا۔ محمد عرفان کے اگلے اوور کا آغاز اپنے فیورٹ سکوائر کٹ چوکے پر کرنے کے بعد اختتام ایک سو چالیس کی رفتار سے آنے والی گیند کو ایکسٹرا کور پر غیر معمولی چھکا مار کر کیا۔
اس کے بعد تلوار بے نیام ہوگئی۔ سفید گیند جب بھی بڑے اکمل کے بلے پر لگتی، وہ دبئی کے تاریک آسمانوں میں تارا بن جاتی۔ سعید اجمل خاص طور پر ان کے زیر عتاب تھے، جن کی 14 گیندوں پر انہوں نے 32 رنز بنائے، جن میں تین چھکے اور دو چوکے بھی شامل تھے۔ کامران جب باؤلرز کی پٹائی کر رہے تھے تو دبئی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی سفیر اور مقبول گلوکارہ مومنہ مستحسن نے یونائیٹڈ کے حامیوں کے حوصلے یہ کہہ کر بڑھائے کہ ’گرتے ہیں شہسوار ہی میدان جنگ میں‘۔ کامران اکمل نے اپنی اننگز کے بعد کہا کہ وہ سخت محنت اور تیاری کے ساتھ یہاں آئے تھے، جس کا پھل ملنے کی خوشی ہے۔
انگریزکپتان کیلیے جرسی کےسوا کچھ نہ بدلا
اون مورگن نے گزشتہ برس شکوہ کیا تھا کہ ان کا ٹیسٹ کیریئر سعید اجمل کی امارات میں چکنگ کی بھینٹ چڑھ گیا۔ جمعرات کی شب پشاور زلمی کی بسنتی کٹ پہنے مورگن جب کھیلنے آئے تو مصباح الحق نے ان کی دکھتی رگ پر فوراً ہی سعید اجمل کا ہاتھ رکھ دیا اور پھر وہی ہوا، جو چشم فلک نے سن 2012 میں امارات میں بار بار ہوتے دیکھا تھا۔ اجمل کی راؤنڈ دی وکٹ پہلی گیند سرسری انداز میں کھیلنے کے بعد انگریز ون ڈے کپتان بوکھلا گئے اوردوسری ان کی وکٹوں میں زیادہ اسپن ہوئے بغیر اس طرح پیوست ہو گئی کہ انہیں تیسرے امپائر کی مداخلت تک یقین نہ آیا کہ بدلے ہوئے ایکشن کے ساتھ بھی سعید اجمل انہیں ہاتھ دکھا سکتے ہیں۔
جمعہ کے مقابلے
پی ایس ایل میں جمعہ کے دن دو میچز کھیلے جائیں گے: پہلا گز شتہ برس کی فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا، جس میں سرفراز احمد کوئٹہ جبکہ برینڈن میکلم لاہور کی کپتانی کریں گے۔ دوسرے میچ میں کراچی کنگز سنگاکارا کی قیادت میں زلمی کے مدمقابل ہو گی۔ منتظیمن تمام ٹکٹ فروخت ہو جانے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔