1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلی بڑی افغان ٹرین سروس کا آزمائشی سفر مکمل

21 دسمبر 2011

افغانستان میں ریلوے کے پہلے بڑے منصوبے کے تحت چلائی جانے والی ٹرین آزمائشی سفر مکمل کرتے ہوئے بدھ کو اپنی منزل پر پہنچ گئی ہے۔ یہ سفر ازبکستان کے ساتھ ملنے والی افغان سرحد سے شروع ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/13WyE
تصویر: AP

یہ ریلوے لائن افغانستان کے شمالی علاقے میں بچھائی گئی ہے، جس سے امریکی فوج کے لیے رسد کی فراہمی میں سہولتوں کی اُمید بھی کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی مستقبل میں تجارتی مقاصد کے لیے اس کے استعمال کی اُمید بھی ہے۔

افغانستان کے نائب وزیر برائے پبلک ورکس نور گُل منگل کا کہنا ہے کہ یہ ٹرین پچہتر کلومیٹر کے ٹریک پر آزمائشی سفر کے بعد بدھ کو مزار شریف پہنچی۔

یہ ریلوے لائن افغانستان کو اس کے ہمسایہ ممالک کے وسیع تر ریل نیٹ ورک سے ملانے کے منصوبے کا پہلا مرحلہ ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ماہرِ اقتصادیات Juan Miranda کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے کارگو کی ترسیل کا عمل سہل ہو جائے گا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ریلوے سے امریکی فوجیوں کے لیے رسد کی ترسیل کا نظام تیز تر ہو جائے گا۔

افغانستان کی وزارتِ کان کنی نے اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ چائنا ریلوے گروپ کابل سے پاکستان کی سرحد پر تورخم اور شمال سے مزار شریف تک نو سو اکیس کلومیٹر کے ریلوے ٹریک کے لیے ایک مطالعہ کرے گا۔ یہ اسٹڈی کان کنی کے لیے چین کی کمپنی ایم سی سی کی جانب سے کرائی جائے گی۔ اس کمپنی کو تانبے کے ذخائر تلاش کرنے کے اختیارات حاصل ہیں۔

Schienen
افغانستان میں ریلوے کا نظام نہ ہونے کے برابر ہےتصویر: Igor Tarasov/Fotolia

اکتوبر ہی میں افغان پارلیمنٹ نے مزار شریف کے ریل منصوبے کے لیے بیس ملین ڈالر کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے کے لیے ایک سو پینسٹھ ملین ڈالر ایشیائی ترقیاتی بینک نے فراہم کیے۔ یہ بینک وزارتِ پبلک ورکس کے تحت ریلوے ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے لیے بھی فنڈز فراہم کر رہا ہے۔ اس حوالے سے منصوبہ بندی کی نگرانی فی الحال وزارتِ کان کنی کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان مین انیسویں صدی سے ہی ریلوے نظام کی منصوبہ بندی ہوتی رہی ہے، جو کبھی تکمیل تک نہیں پہنچ سکی تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں