پينڈورا پيپرز ميں کون سی عالمی شخصیات شامل ہیں؟
ٹيکس کی چوری ہو، بيرون ملک کمپنيوں کا معاملہ يا رقوم چھپانے کا ذريعہ، اتوار کو جاری کردہ پينڈورا پيپرز نے کئی سياستدانوں اور اہم عالمی شخصيات کا بھانڈا پھوڑ ديا ہے۔ تفصیلات جانیے اس پکچر گيلری میں۔
اردن
پينڈورا پيپرز کے مطابق اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نے سن 1995 سے سن 2017 کے درميان تين درجن سے زائد کمپنياں بنائيں، جن کے توسط سے انہوں نے امريکا اور برطانيہ ميں 106 ملين ڈالر ماليت کی چودہ پراپرٹيز خريديں۔پينڈورا پيپرز کے اجراء کے بعد انہوں نے مذکورہ مکانات خريدنے کی خبروں کی ترديد کی ہے۔
برطانيہ
سابق برطانوی وزير اعظم ٹونی بليئر نے سن 1997 سے سن 2007 کے درميان 8.8 ملين ڈالر ماليت کی برٹش ورجن آئیلينڈ کی ايک کمپنی خريدی، جس کے ساتھ ہی وہ ايک وکٹورين بلڈنگ کے بھی مالک بن گئے۔ اب اس عمارت ميں ان کی اہليہ شيری بليئر کی لاء کی کمپنی کا دفتر قائم ہے۔ عمارت براہ راست خريدنے کے بجائے، بحرينی وزير سے خريدنے کی وجہ سے انہوں نے اپنے ملک ميں تین لاکھ پاؤنڈ کا پراپرٹی ٹيکس بچايا۔
پاکستان
احتساب اور بدعنوانی کا نعرہ بلند کر کے وزير اعظم بننے والے عمران خان کا نام براہ راست کسی معاملے ميں شامل نہيں۔ البتہ ان کے قريبی حلقے کے کئی لوگوں کے نام پينڈورا پيپرز ميں شامل ہيں۔ ان لوگوں نے خفيہ کمپنيوں ميں لاکھوں، کروڑوں چھپا رکھے ہيں۔ وزیراعظم خان نے قصورواروں کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا ہے۔
جمہوريہ چيک
سن 2009ء ميں چيک جمہوريہ کے وزير اعظم آندرس بابس نے فرانس کے شہر کن ميں بائيس ملين ڈالر کی ايک پراپرٹی خريدی تھی۔ انہوں نے اپنے اثاثوں ميں اس پراپرٹی کو نہيں دکھايا تھا۔
مونٹينيگرو
مونٹينيگرو کے صدر ميلو جوکانووچ اور ان کے صاحبزادے نے 2012ء ميں ايک ٹرسٹ قائم کيا اور اپنی دولت مختلف کمپنيوں کے ايک نیٹ ورک ميں پوشيدہ رکھی۔ اس وقت جوکانووچ کسی عہدے پر فائض نہيں تھے مگر اسی سال وزير اعظم بننے کے بعد انہوں نے ٹرسٹ اپنے بيٹے کے نام منتقل کر ديا تھا۔
چلی
چلی کے صدر سباستيان پينيئرا نے بيرون ملک برٹش ورجن آئیلينڈز کی اپنی کمپنيوں کی مدد سے کان کنی کے ايک منصوبے کی کئی مالی ڈيلنگز کيں۔ يہ کمپنی بھی ان کے خاندان کی ہی ملکيت تھی۔ سن 2011 ميں جب مذکورہ کان کی فروخت کی بات آئی، تو پتا چلا کہ يہ ايک ايسی زمين پر واقع تھی جس پر ايسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں تھی۔
لبنان
لبنان کے وزير اعظم نجيب ميکاتی کی پاناما ميں ايک کمپنی ہے، جس کی مدد سے انہوں نے تيرہ برس قبل موناکو ميں دس ملين ڈالر سے زائد ماليت کی پراپرٹياں خريدی تھيں۔
برازيل
برازيل کے وزير اقتصاديات پاؤلو گويدس نے بيرون ملک کمپنيوں ميں کئی ملين ڈالرز کی سرمايہ کر رکھی ہے۔ يہ کمپنی برٹش ورجن آئيلينڈز ميں ہے اور اس کا نام ڈريڈ ناٹس ہے۔
روس
روسی صدر ولاديمير پوٹن کے اميج ميکر اور اہم ٹيلی وژن شخصيت کوسٹنٹين ارنسٹ کو سوويت دور کے سينما گھر اور ديگر پراپرٹيوں کی خريد پر خصوصی رعايت دی گئی۔