1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہویٹی کن

پوپ فرانسس کا کارڈینلز کو گھروں کے کرائے دینے کا حکم

2 مارچ 2023

پوپ کے نئے احکامات کے تحت ویٹی کن کے دیگر اعلیٰ حکام کو گھروں کے کرائے میں دی جانے والی رعایت بھی ختم کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آمدنی بڑھانے کے لیے کلیسائی عہدیداروں کو بھی غیر معمولی قربانی دینا ہو گی۔

https://p.dw.com/p/4OAgF
Vatikan Papst Franziskus mit Kardinälen und Bischöfen
تصویر: Gregorio Borgia/AP/picture alliance

مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے رومن کیتھولک مسیحیوں کے مرکز ویٹی کن کے اخراجات کم کرنے کے لیے نئے احکامات جاری کیے ہیں، جن کے تحت اب کارڈینلز کو بھی اپنے گھروں کے کرائے ادا کرنا ہوں گے۔

اس حوالے سے ویٹی کن کی وزارت خزانہ کے سربراہ میکسیمنو کیبالیرو لیڈو نے ایک نوٹ میں کہا ہے کہ پوپ فرانسس نے وہاں کے دیگر اعلی حکام کو گھروں کے کرائے میں دی جانے والی رعایت یا سبسڈی ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

پوپ فرانسس نے ویٹیکن کے نئے اصلاحاتی دستور کی منظوری دے دی

اپنے نوٹ میں، جسے ریسکرپٹم بھی کہا جاتا ہے، میکسیمنو کیبالیرو نے بتایا  کہ پوپ نے فیصلہ کیا ہے کہ آمدنی بڑھانے اور چرچ کے ''مقدس مقاصد‘‘ پر زیادہ سے زیادہ رقم خرچ کرنے کو یقینی بنانے کے لیے حکام کو ''ایک غیر معمولی قربانی دینا ہو گی۔‘‘

اخراجات کم کرنے کے نئے اقدامات کیا ہیں؟

اس سے قبل روم اور ویٹی کن میں مقیم کارڈینلز کو صرف یوٹیلیٹیز یعنی بجلی اور پانی جیسی ضروریات کے بل دینا پڑتے تھے جبکہ بشپس اور ویٹی کن کے مینجرز اب تک اپنے گھروں کے مقابلتاﹰ کم یا سبسڈائزڈ رینٹ دے رہے تھے۔

سرمایہ دارانہ نظام انسانوں کے تحفظ میں ناکام ہو گیا ہے، پوپ

پوپ کے نئے احکامات کے تحت ویٹی کن کے ملکیتی اپارٹمنٹس کا اب چرچ سے منسلک افراد کو بھی اُتنا ہی کرایا دینا ہو گا، جتنا دیگر افراد ادا کرتے ہیں۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ پوپ فرانسس نے اخراجات کم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ دو سال  قبل انہوں نے کارڈینلز کی تنخواہوں میں 10 فیصد کٹوتی اور ویٹی کن سے منسلک عملے کی تنخواہوں میں بھی کمی کے احکامات جاری کیے تھے تا کہ ملازمین کو برطرف نہ کرنا پڑے۔ اس فیصلے کی وجوہات میں سے ایک کووڈ انیس کے ویٹی کن کے سفارتی ادارے 'ہولی سی‘ کی آمدنی پر پڑنے والے اثرات تھے۔

م ا / ا ا (کے این اے، روئٹرز)