پنجاب میں حکومت بنائیں گے: پاکستان پیپلز پارٹی
28 فروری 2009پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے اراکینِ پارلیمان کے اجلاس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اجلاس میں موجود حکومتی اراکین نے صدر آصف علی زرداری کو پنجاب کے لیے وزیرِ اعلیٰ نامزد کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام ارایکن نے صدر زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی سپریم کورٹ کے ایک حالیہ فیصلے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے سربراہ میاں نواز شریف کے علاوہ ان کے بھائی اور پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف کو نا اہل قرار دے دیا گیا ہے اور اس فیصلے کے بعد شہباز شریف پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ نہیں رہے ہیں۔ صدر زرداری کے حکم پر پنجاب میں دو ماہ کے لیے گورنر راج نافذ کردیا گیا ہے۔
پیپلر پارٹی کے مذکورہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب کی مجموعی صورتِ حال پر تفصیل سے تبادلہ خایل کیا گیاے اس سے قبل وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو افسوس ناک مگر قانون کے مطابق قرار دیا تھا۔
صدرِ پاکستان زرداری نے اجلاس میں پیپلز پارٹی کو ایک جمہوری جماعت قرار دیا اور مسلم لیگ نواز کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف سخت ذبان استعمال کرنے کی مذمت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے پنجاب کے کچھ علاقوں میں پیپلز پارٹی کی مقتولہ رہنما بے نظیر بھٹّو کی تصاویر کو نذرِ آتش کرنے کی بھ یمذمت کی۔
دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ صدر زرداری سابق صدر پرویز مشرّف کے رستے پر چلنے کے بجائے بے نظیر بھٹّو کے راستے پر چلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عوام سے سول نافرمانی کرنے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ مارچ کے وسط میں بحالیِ عدلیہ کے لیے وکلاء برادری نے مارچ اور دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ نواز نے اس دھرنے میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔
دریں اثناء مسلم لیگ نواز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف چھ مارچ کو ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر زرداری کی جانب سے پنجاب میں گورنر راج کے نفاذکے فیصلے کے خلاف ایک پٹیشن سپریم کورٹ میں داخل کردی گئی ہے۔
دوسری طرف پنجاب میں گورنر راج کے بعد ہفتے کے روز پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔