1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پشاور، خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں حجاب لازمی قرار دے دیا گیا

عدنان اسحاق10 ستمبر 2013

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی ایک میڈیکل یونیورسٹی میں طالبات کے لیے ’اسلامی حجاب‘ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ ’شائستگی کا کلچر‘ پیدا ہو۔

https://p.dw.com/p/19cHE
تصویر: BEHROUZ MEHRI/AFP/Getty Images

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے پشاور کی خیبر میڈیکل یونیورسٹی سے وابستہ ایک اعلیٰ اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یونیورسٹی میں خواتین کے لیے حجاب کا استعمال ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں قائم خیبر میڈیکل یونیورسٹی سے الحاق شدہ خیبر میڈکل کالج کے پرنسپل نور العمران کے بقول حجاب پہننا پاکستانی معاشرے کی بنیادی اقدار میں شامل ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا، ’’ یہ قدم اسلامی اقدار کی ترویج اور اپنی روایات کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

عمران نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹس کی مجموعی تعداد پندرہ سو ہے، جن میں سے قریب نصف خواتین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف طالبات کے لیے ہی حجاب ضروری قرار نہیں دیا گیا ہے بلکہ طلبا کے لیے بھی ایک ڈریس کوڈ متعارف کرایا گیا ہے۔ خیبر میڈکل کالج کے پرنسپل کا کہنا تھا کہ طلباء بھی ڈھیلے ڈھالے ٹراؤزر اور لمبی شرٹس پہنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہی لباس پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں مقبول ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ پاکستان کے متعدد شہروں کے ساتھ ساتھ پشاورمیں بھی مغربی طرز کے لباس انتہائی مقبول ہیں اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ایسے لباس زیب تن کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے اس قدم پر طلباء و طالبات نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا ہے۔ ڈی پی اے نے ایک طالب علم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اکثر اسٹوڈنٹس نے اس نئے ڈریس کوڈ کو پابندی قرار دیتے ہوئے اس پر عمل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس یونیورسٹی کے ایک طالب علم عرفان اللہ مروت نے ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔‘‘ بائیس سالہ عرفان کہا کہ یہ ایک سخت قدم ہے اور کوئی بھی انہیں یہ نہیں بتا سکتا کہ انہیں کیا پہننا چاہیے اور کیا نہیں۔ لیکن پرنسپل نور العمران نے کہا ہے کہ انتظامیہ اپنا یہ فیصلہ نہیں بدلے گی۔

بالخصوص پاکستان کے قبائلی علاقوں میں فعال اسلامی جنگجوؤں نے متعدد مرتبہ لوگوں کو دھمکایا ہے کہ وہ ’شرافت بھرا‘ لباس پہنا کریں لیکن پاکستان میں کسی یونیورسٹی کی سطح پر اس طرح کی پابندی کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ ناقدین کے بقول کسی یونیورسٹی میں حجاب کو زبردستی لازمی قرار دے دینا دراصل پاکستانی معاشرے میں بڑھتی ہوئی قدامت پسندی کی طرف اشارہ ہے۔

ابھی گزشتہ ہفتے ہی پاکستانی ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون آپریٹرز کو حکم دیا تھا کہ وہ نوجوانوں میں مقبول رات کے وقت مفت ٹیلی فون پیکجز ختم کر دیں کیونکہ ایسی سہولیات پاکستان کی ’سماجی اقدار سے تصادم‘ رکھتی ہیں۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق مفت ٹیلی فون کی سہولت سے نوجوانوں کی ’اخلاقی حالت بگڑ‘ رہی ہے، جو ’بے حیائی‘ کا سبب بن رہی ہے۔