پاکستانی لڑکیوں کی فٹ بال ٹیم پہلی بار ناروے کپ میں شامل
دیا فٹ بال کلب کراچی کی فٹ بال ٹیم نے پہلی بار ناروے کپ میں شرکت کی ہے۔ ناروے کپ لڑکیوں کا سب سے بڑا فٹ بال ٹورنامنٹ ہے۔ دیا فٹ بال کلب کی ٹیم ناروے میں متعدد میچز کھیلے گی۔
ناروے کپ میں پہلی بار شرکت
ٹیم کی سربراہی ’دیا کراچی فٹ بال کلب‘ کی بنیاد رکھنے والی سعدیہ شیخ کر رہی ہیں۔ ناروے کپ کھیلنے والی فٹ بال ٹیم کے انتخاب میں چار ماہ کا عرصہ لگا۔
نو سے تیرہ سال عمر کی کھلاڑی
اس ٹیم میں پاکستان کی نو سے تیرہ سال عمر کی بہترین فٹ بال کھلاڑی بچیاں شامل کی گئی ہیں۔ ٹیم کی ناروے کپ میں شرکت کا اہتمام ڈاکٹر ٹینا شگفتہ نے کیا ہے جو ناروے میں الما ثقافتی مرکز کی سربراہ ہیں۔
چچا آئے بھتیجی کا میچ دیکھنے
اپنے چچا ڈاکٹر رمیز رحمان کے کندھے پر سوار کم سن صوفیہ بھی اس فٹ بال ٹیم کا حصہ ہیں۔ ڈاکٹر رحمان بیلجیئم میں قیام پذیر ہیں اور وہ اپنی بھتیجی کا میچ دیکھنے اور پاکستانی فٹ بال ٹیم کی بچیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بیلجیئم سے ناروے آئے تھے۔
لڑکیوں کے فٹ بال کو فروغ
پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اگرچہ ناروے کے مقابلے میں کمزور ھے تاہم اس میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ اس ٹورنامنٹ سے پاکستان میں لڑکیوں کے فٹبال کو فروغ حاصل ہونے کے امکانات بہت روشن ہیں۔
پاکستان کی روشن تصویر
ڈاکٹر شگفتہ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ناروے کپ میں پاکستانی لڑکیوں کی شرکت ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس سے نہ صرف روشن پاکستان کا امیج سامنے آئے گا بلکہ لڑکیوں کی حوصلہ افزائی بھی ہو گی۔
ٹیم کی پہلی فتح
پاکستانی لڑکیوں کی ٹیم نے وال سیٹ آئی ایل کے خلاف پینلٹی کک کی بنیاد پر پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔ یہ تمام کھلاڑی لڑکیاں بہت پر امید ہیں کہ آئندہ میچوں میں بھی اسی طرح کے کھیل کا مظاہرہ کریں گی۔
دوستانہ ماحول
فٹ بال ٹیم کی سبھی بچیاں اپنے ملک سے باہر بین الاقوامی سطح پر کھیل کا اتنا بڑا پلیٹ فارم ملنے پر بہت خوش ہیں اور اُنہیں یہاں ٹیموں کے درمیان دوستانہ ماحول بہت اچھا لگ رہا ہے۔