1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتپاکستان

پاکستان کا اگلا وزیر خزانہ کون ہوگا؟

1 مارچ 2024

ذرائع کے مطابق اس اہم منصب کے لیے اسحاق ڈار، شمشاد اختر اور حبیب بینک کے صدر محمد اورنگزیب کے نام زیر غور ہیں۔

https://p.dw.com/p/4d4wC
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے لیے اسحاق ڈار، شمشاد اختر اور حبیب بینک کے صدر محمد اورنگزیب کے نام زیر غور ہیں
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے لیے اسحاق ڈار، شمشاد اختر اور حبیب بینک کے صدر محمد اورنگزیب کے نام زیر غور ہیںتصویر: RIZWAN TABASSUM/WU HONG/EPA/AFP/picture alliance/Getty Images

پاکستان میں پچھلے ماہ ہونے والے عام انتخابات اور اس کے نتائج کے تناظر میں پارلیمان کے ایوان زیریں میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مابین ایک نئےسیاسی اتحادکے بعد یہ واضح ہے کہ ملک میں نئی حکومت بھی انہیں دو جماعتوں کے اشتراک سے بنے گی۔ ایسے میں ایک اہم سوال یہ ہے کہ وزیر خزانہ کے اہم منصب کے لیے ان کا انتخاب کون ہوگا؟

اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے واقف ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

اسحاق ڈار

مسلم لیگ ن سے منسلک ذرائع کے مطابق اس منصب کے لیے اب بھی اسحاق ڈار کا نام سر فہرست ہے، جو پہلے بھی چار بار پاکستان کے وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔

اسحاق ڈار اس سال الیکشن سے پہلے شہباز شریف کے دور حکومت میں بھی وزیر خرانہ تھے۔ تاہم اس دور میں ان کی کارکردگی کے حوالے سے انہیں اب مسلم لیگ ن کے اتحادیوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

اپنے دفاع میں ڈار کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے مالی پیکج کی منظوری کو یقینی بنانے اور ڈیفالٹ کے خطرے کو ٹالنے کے لیے انہیں بطور وزیر خزانہ کچھ مشکل فیصلے اور سخت اقدامات کرنے پڑے۔

تاہم جس دوران پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین اس پیکج کے لیے مذاکرات کیے جا رہے تھے، ڈار عالمی مالیاتی فنڈ پرتنقید بھی کرتے رہے۔

مسلم لیگ ن سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نہیں بنایا جاتا تو ہو سکتا ہے کہ ان کی جماعت ان کو بطور نائب وزیر اعظم وفاقی کابینہ میں شامل کرے
مسلم لیگ ن سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نہیں بنایا جاتا تو ہو سکتا ہے کہ ان کی جماعت ان کو بطور نائب وزیر اعظم وفاقی کابینہ میں شامل کرےتصویر: Arif Ali/AFP

مسلم لیگ ن سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نہیں بنایا جاتا تو ہو سکتا ہے کہ ان کی جماعت ان کو بطور نائب وزیر اعظم وفاقی کابینہ میں شامل کرے۔

جمعرات کو میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ وزیر خزانہ کے انتخاب کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

تاہم ان کی جماعت کے ایک اور لیڈر، عرفان صدیقی نے پاکستانی اخبار 'دی نیوز' کو دیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس عہدے کے لیے شاید اسحاق ڈار کو ہی منتخب کیا جائے۔

شمشاد اختر

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے لیے شمشاد اختر کا نام بھی زیر غور ہے، جو حالیہ نگران حکومت کے دور میں بھی اس منصب پر فائز رہیں اور پاکستان کے مرکزی بینک، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی گورنر بھی رہ چکی ہیں۔

اس حوالے سے بات کرنے کے لیے روئٹرز نے شمشاد اختر سے رابطہ کیا ہے، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے لیے شمشاد اختر کا نام بھی زیر غور ہے
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے لیے شمشاد اختر کا نام بھی زیر غور ہےتصویر: Abdul Sabooh

بطور نگران وزیر خزانہ وہ پاکستان کے موجودہ آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق اہم پالیسیوں کے حوالے سے کام کرتی رہی ہیں۔ یہاں یہ ذکر بھی اہم ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے نگران حکومت کی اقتصادی استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں کو سراہا گیا ہے۔

محمد اورنگزیب

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حکومت محمد اورنگزیب کو بھی وزیر خزانہ بنا سکتی ہے، جو اس وقت ملک سب سے بڑے بینک، حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر ہیں۔اس سے قبل یہ جے پی مورگن کے ایشیا میں قائم کارپوریٹ بینک کے چیف ایگزیکٹو آفسر بھی رہ چکے ہیں۔

ان کے بطور وزیر خزانہ منتخب ہونے کے امکانات کے حوالے سے حبیب بینک نے کہا ہے کہ وہ "افواہوں اور قیاس آرائیوں" پر تبصرہ نہیں کرے گا۔

وزیر خزانہ کے انتخاب کے بارے میں بات کرنے کے لیے روئٹرز نے پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک ترجمان سے بھی رابطہ کیا، لیکن ان کی جانب سے بھی کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

نئے وزیر خزانہ کو کن چیلنجز کا سامنا ہوگا؟

پاکستان کے نئے وزیر خزانہ کو نہ صرف آئی ایم ایف سے ایک نئے پیکج کی منظوری کے لیے مذاکرات کرنے ہوں گے، بلکہ اس دوران انہیں ملک کی تباہ حال معیشت کی بحالی کے لیے بھی کام کرنا ہوگا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین طے پانے والے معاہدے کی مدت 11 اپریل کو ختم ہو جائے گی اور عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے ایک نئے پیکج کی منظوری ملک کے موجودہ اقتصادی حالات میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

اس کے علاوہ نئے وزیر خزانہ کے پاس نیا وفاقی بجٹ بنانے کے لیے بھی صرف تین ماہ کا وقت ہوگا، جس میں انہیں معیشت کی بحالی اور سخت اصلاحات متعارف کرانے پر توجہ دینی ہوگی۔

اس وقت عوام میں بڑھتی مہنگائی کے حوالے سے بھی غم و غصہ ہے اور اس مسئلے سے نمٹنا نئے وزیر خزانہ کے لیے ایک اور چیلنج ہوگا۔

اس بارے میں لندن میں مقیم اقتصادیات کے ماہر یوسف نظر کا کہنا ہے، ''پاکستان کو (بطور وزیر خزانہ) ایک ایسے شخص کی ضرورت ہے جس کے پاس وسیع اور گہرا بین الاقوامی تجربہ ہو تا کہ وہ ایسی اصلاحات متعارف کر پائے جن سے کئی اور ممالک کو اقتصادی بحران سے نکلنے میں مدد ملی ہے۔‘‘

پاکستانی انتخابات: ووٹ، توانائی اور آئی ایم ایف

م ا/ ع ت (روئٹرز)