1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: پرفیوم فیکٹری میں دھماکا، کم از کم گیارہ افراد ہلاک

28 جنوری 2020

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں واقع ایک پرفیوم فیکڑی میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طبی ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3Wvee
Pakistan Lahore Explosion Parfumfabrik
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.M. Chaudary

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا ایک گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا جس کی وجہ سے فیکڑی کی چھت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ایمرجنسی سروس کے رانا اظہر کا نیوز ایجنسی اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  دھماکے کے بعد عمارت کو آگ لگ گئی جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس قدر طاقت ور تھا کہ کئی قریبی مکان بھی متاثر ہوئے۔ طبی حکام کے مطابق ایک زخمی کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ ایمرجنسی اور پولیس ذرائع کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ گیس سلنڈر کس وجہ سے پھٹا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک زور دار دھماکا ہوا اور اس کے فوراﹰ بعد پوری عمارت آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ سوشل میڈیا پر شیئر کردہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششیں کرتے رہے اور متاثرہ افراد کے رشتہ دار جو وہاں موجود تھے، مدد کے لیے پکارتے رہے۔

ریسکیو سروس کے مطابق عمارت کے اندر موجود کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا۔ پاکستان میں ناقص حفاظتی انتظامات کی وجہ سے بار بار ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ایک مسافر ٹرین میں ایک سلنڈر پھٹنے کے باعث ہونے والے دھماکے کی وجہ سے کم از کم چوہتر افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح جولائی دو ہزار اٹھارہ میں ملتان شہر میں بھی ایک سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں تین جانیں ضائع ہو گئی تھیں۔

 ا ا / م م ( اے پی)