پاکستان میں سیلاب، ذمہ دار کون؟
17 ستمبر 2014خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جنوبی ایشیا میں خطرناک ترین اسلام پسندوں میں شمار کیے جانے والے حافظ سعید کو اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ پاکستان کو درپیش سیلاب کی صورتِ حال کے لیے کِسے ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔
اس نے روئٹرز سے بات چیت میں کہا ہے: ’’بھارت اپنے ریگستانوں کو سیراب کرتا ہے اور اضافی پانی بغیر کسی انتباہ کے پاکستان میں چھوڑ دیتا ہے۔‘‘
اس نے مزید کہا: ’’اگر ہم بھارت کو اب نہیں روکیں گے تو پاکستان کو یہ خطرہ درپیش رہے گا۔‘‘
اس کے بیان پر بھارت میں کم ہی لوگوں کو حیرت ہو گی جہاں اسے 2008ء کے ممبئی حملوں کے لیے ذمہ دار مانا جاتا ہے۔ امریکا نے اس کے سر کی قیمت دس ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے جبکہ وہ ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کرتا ہے۔
حافظ سعید کی فلاحی تنظیم جماعت الدعوہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنے ہزاروں کارکن بھیجے ہیں۔ وہاں وہ خوراک اور دوائیں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے خلاف اپنے گروہ کے سخت گیر مؤقف کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
اس گروہ کے ایک رضا کار عبدالراؤف کا کہنا ہے: ’’یہ بھارت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے تاکہ پاکستان مشکل میں گرتا چلا جائے۔ بے وقوف نہ بنیں، یہ واٹر بم ایٹم بم سے زیادہ مختلف نہیں۔ بلکہ یہ اس سے زیادہ خطرناک ہے۔‘‘
خیال رہے کہ رواں ہفتے بھارت کی وزارت برائے آبی وسائل نے ’پانی کی دہشت گردی‘ سے متعلق الزامات پر ردِ عمل ظاہر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ ایسے الزامات اسلام پسند لگا رہے ہیں، پاکستان کی حکومت نہیں۔
یہ امر بھی اہم ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کو بھی سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔ وہاں اسے گزشتہ ایک صدی کا بدترین سیلاب قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد دو سو سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
تاہم روئٹرز کے مطابق پاکستان میں متعدد لوگ سبوتاژ کے نظریے پر یقین رکھتے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ ایک علاقے شیر شاہ میں ایک کسان سید علی کا کہنا ہے: ’’یہ غلطی نہیں ہے، یہ پاکستان کو تباہ کرنے اور عوام کو مشکل میں ڈالنے کی سوچی سمجھی کارروائی ہے۔‘‘
بعض پاکستانی اس صورتِ حال کے لیے اپنی حکومت کی ’نااہلی‘ کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے: ’’کچھ لوگ کہیں گے کہ پانی بھارت نے چھوڑا۔ لیکن میرا سوال یہ ہے: اگر بھارت وقت پر انتباہ جاری کر بھی دیتا تو کیا ہم اس پر توجہ دیتے؟ کیا یہ حکومت اس کے لیے کوئی اقدامات کرتی؟ مجھے اس پر شبہ ہے۔‘‘
پاکستان میں رواں ماہ کے سیلاب کے نتیجے میں بیس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد تین سو سے زائد ہے۔