پاکستان ملائیشیا کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، عمران خان
21 نومبر 2018پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ملائیشیا کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے ساتھ ایک مشرکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مہاتیر محمد کی قیادت نے اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، یہاں فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ہوا اور ملکی معیشت بھی بہتر ہوئی۔ عمران خان نے کہا،’’ پاکستان غیر معمولی حد تک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے۔ ان کی حکومت کو مالی بد عنوانی کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے اور اس کے لیے وہ ’ملائیشین ماڈل‘ سے بہت کچھ سیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘
پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عمران خان اور مہاتیر محمد نے ملاقات کے دوران ملائیشیا کی آزادی کے بعد سے دونوں ممالک میں جاری تعاون کے ساتھ ساتھ ملائیشیا اور پاکستان کے مابین دو طرفہ مذاکراتی عمل کے آغاز کو بھی سراہا۔
پاکستانی وزیر اعظم نے مہاتیر محمد کو یوم پاکستان، 23 مارچ 2019ء کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ملائیشین وزیر اعظم نے کہا کہ وہ عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔