پاکستان: لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوامی احتجاج بڑھتا ہوا
21 اپریل 2010اسلام آباد میں پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ترجمان ظفریاب خان کا حوالہ دیتے ہوئے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ آج بدھ کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہو رہا ہے، جس میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے سلسلے میں اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی اور یہ کہ وزیر اعظم گیلانی اِن اقدامات کا اعلان کل جمعرات کو کر دیں گے۔
اب تک سامنے آنے والی خبروں کے مطابق حکومت ایک دن کی ہفتہ وار تعطیل کو بڑھا کر دو دن کرنے، گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنے اور سورج غروب ہونے پر بازار بند کرنے جیسے اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ حکام اُن تجاویز پر بھی غور کریں گے، جن میں بجلی سے چلنے والے اشتہاروں اور نیون سائنز کو بجلی کی ترسیل منقطع کرنے اور پچاس فیصد سٹریٹ لائٹس بجھانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ حکام امید کر رہے ہیں کہ ان اقدامات کے ذریعے بجلی کی اُس قلت کو کسی حد تک دور کرنے میں مدد مل سکے گی، جو بدستور پانچ ہزار میگا واٹ کے آس پاس ہے۔
پاکستان کے متعدد علاقوں، بالخصوص دیہات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بیس بیس گھنٹے تک بھی پہنچ گئی ہے۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث لوگوں کو اپنے معمولاتِ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران کئی شہروں میں لوگ احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
گذشتہ وِیک اَینڈ پر جہلم کے قریب بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے نہ صرف آنسو گیس استعمال کی بلکہ گولیاں بھی چلائیں۔ جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھر پھینکے اور لاٹھیاں برسائیں، جس سے دَس سپاہی زخمی ہو گئے۔ کئی دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں کے دوران سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی گئی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ جاری رہنے کی صورت میں زیادہ بڑے پیمانے پر مظاہرے ہو سکتے ہیں، جو ملک کو عدم استحکام کی صورتحال سے بھی دوچار کر سکتے ہیں۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: کشور مصطفیٰ