1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے

رپورٹ:ندیم گِل، ادارت:عابد حسین21 ستمبر 2009

لیبیا میں رمضان کے روزوں کے ختم ہونے کے بعد سب سے پہلے عید منائی گئی۔ اب ماہِ شوال کا چاند دکھائی دینے پر مختلف ملکوں میں عید الفطر کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Jkiw
تصویر: AP

پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد آج پیر کو عید اُلفطر کا مذہبی تہوار روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ عیدالفطر مسلمانوں میں خوشی کا ایک بڑا تہوار تصور کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی عید الفطر پیر کو منائی جا رہی ہے۔

پاکستان سمیت دوسرے مسلمان ملکوں میں اِس عید کے موقع پر میٹھے کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے اور اِس مناسبت سے یہ عید میٹھی عید بھی کہلاتی ہے۔

ایران سمیت کئی اور ملکوں میں بھی عید پیر کو منائی جا رہی ہے۔ کئی ملکوں میں یہ تقریبات دو سے زائد دنوں تک جاری رہتی ہیں۔

BdT Fest des Fastenbrechens Zuckerfest Eid al Fitr
انڈونیشیا کے علاقے جاوامیں خواتین کی عید کی نماز کے موقع پر صف بندیتصویر: AP

یورپ اور مشرق وسطیٰ سمیت متعدد ممالک کے مسلمانوں نے گزشتہ روز اتوار کو اپنا مذہبی تہوار عید الفطر منا یا۔ اِن ملکوں میں سعودی عرب اور خلیجی ریاستیں شامل ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے بعض علاقوں میں بھی اتوار کو عید منائی گئی۔ جن میں بھارت کے جنوبی علاقے اور پاکستانی صوبہ سرحد کے بعض علاقے شامل ہیں۔

اُدھر لیبیا سب سے پہلے عید منانے والا ملک بن گیا، جہاں ہفتہ کو ہی عید الفطر منا لی گئی۔ خیال رہے کہ عید الفطر کی تقریبات کا آغاز شوال کا چاند دکھائی دینے پر ہوتا ہے۔ کسی بھی ملک میں چاند نظر آنے کا فیصلہ مذہبی حکام کرتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما نے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مسلمان اس خوشی کے موقع پر ان تمام لوگوں کو یاد رکھیں جو غربت، بھوک، تنازعات اور بیماریوں کے شکار ہیں۔

Zuckerfest beendet Ramadan
عیدالفطر میٹھی عید بھی کہلاتی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

اوباما نے کہا، 'ماہ رمضان کے اختتام پر میں اور مشل امریکہ اور دُنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔'

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے اپنے پیغام میں کہا کہ وائٹ ہاؤس میں عید کی تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے، جس کا آغاز 1996ء میں ان کے شوہر اور سابق صدر بل کلنٹن نے کیا تھا۔ ہلیری کلنٹن نے کہا، 'اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کا وطن ہے۔'

اِدھر برلن میں جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے بھی عید الفطر کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے جرمنی اور دُنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مذہبی تہوار کے موقع پر وہ ان تمام لوگوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، جو اپنے عقائد کی بنیاد پر تمام لوگوں کے لئے احترام کا جذبہ رکھتے ہیں۔