1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک چین اقتصادی راہ داری پر تجارت کا باقاعدہ آغاز

بینش جاوید
1 نومبر 2016

پاکستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز چین سے لگ بھگ ایک سو کنٹینرز گلگت بلتستان کے شہر ہنزہ پہنچ گئے ہیں جس کے بعد اب پاک چین اقتصادی راہ داری پر تجارت کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2RzZw
NATOs LKW und Container in Peschawar Pakistan
تصویر: DW

پاکستانی انگریزی اخبار ڈان کے مطابق ہنزہ کے گاؤں اورڈرائی پورٹ سست سے کنٹینرز کسٹم کلیئرنس کے بعد گوادر کی طرف روانہ کر دیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمان سمیت چینی حکام نے بھی شرکت کی تھی۔ اس موقع پر حفیظ الرحمان نے کہا،’’پاک چین اقتصدای راہ داری منصوبے سے خطے میں خوش حالی آئے گی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔‘‘

حفیظ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا،’’ہر ہفتے چین کے ایک ہزار کنٹینرز گلگت بلتستان کی ہائی وے سے گزریں گے۔‘‘

حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اقتصادی راہ داری منصوبے کے تحت 72 ارب پاکستانی روپے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے جس کے باعث گلت بلتستان میں جدید ٹیکنالوجی آئے گی۔ سست پورٹ پر کسٹم حکام نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کہ کل 45 کنٹینرز گوادر کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں اور کلیئرنس کے بعد باقی کنٹینرز بھی روانہ کر دیے جائیں گے۔