1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیسٹ ڈرائیو: ممکنہ خریدار دو ملین یورو کی فیراری لے اڑا

15 مئی 2019

جرمن پولیس ایک ایسے شہری کی تلاش میں ہے، جو دو ملین یورو مالیت کی ایک فیراری خریدنا چاہتا تھا لیکن ٹیسٹ ڈرائیو کے دوران اس گاڑی سمیت غائب ہی ہو گیا۔ پولیس اس انتہائی مہنگی اور نایاب کار اور چور دونوں کی تلاش میں ہے۔

https://p.dw.com/p/3IWGh
تصویر: Polizei Düsseldorf

جرمنی کے مغربی شہر ڈسلڈورف کی پولیس کے مطابق یہ گاڑی چوری کر لینے والے شخص نے خود کو انتہائی مہنگی سپورٹس کاروں کے شوقین ایک امیر آدمی کے طور پر پیش کیا تھا، جس نے ایک اشتہار کے بعد اس گاڑی کو فروخت کرنے کے خواہش مند مالک کے ساتھ ملاقات اور تجرباتی طور پر گاڑی کو چلا کر دیکھنے کے لیے وقت اور جگہ کا تعین بھی کر لیا تھا۔

یہ فیراری سن 1985 میں تیار کی گئی سرخ رنگ کی جی ٹی ایس ماڈل کی ایک ایسی گاڑی بتائی گئی ہے، جو اس برانڈ کی انتہائی کامیاب اور اب نایاب ہو چکی کاروں میں شمار ہوتی ہے۔ ممکنہ خریدار اور گاڑی کا مالک جب پہلے سے طے شدہ جگہ پر پہنچے، تو ’گاہک‘ نے کہا کہ وہ یہ گاڑی چلا کر دیکھنا چاہتا ہے۔ اس پر مالک ڈرائیونگ سیٹ سے اترا اور اس شخص کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھنے کے لیے گھوم کر گاڑی کے دوسری طرف جا ہی رہا تھا کہ تب تک ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ’چور‘ مالک کے دیکھتے ہی دیکھتے یہ گاڑی لے اڑا۔

پولیس کے مطابق اس گاڑی کی قیمت تقریباﹰ دو ملین یورو یا 2.2 ملین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ اس کار کی خاص بات یہ ہے کہ ماضی میں یہی کار فاومولا ون موٹر ریسنگ کے عالمی چیمپئن شپ مقابلوں میں حصہ لینے والے برطانیہ کے معروف پیشہ ور ڈرائیور ایڈی اِروائن کی ملکیت رہی ہے۔

Der Ferrari im Kino US-Fernsehserie Magnum | cult cars
امریکی ٹیلی وژن سیریز ’میگنم‘ کے مرکزی کردار تھامس میگنم اپنی فیراری کے ساتھتصویر: picture-alliance/dpa/Universal Studios

پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ یہ واقعہ کب پیش آیا لیکن یہ تصدیق کر دی گئی ہے کہ تمام تر کوشش کے باوجود اس چوری شدہ فیراری اور چور کا تاحال کوئی پتہ نہیں چلا۔

اس تفتیش کے دوران اب تک بیس لاکھ یورو کی فیراری چوری کرنے والے شخص کی شناخت بھی نہیں ہو سکی حالانکہ چور اور مالک کی پہلی ملاقات کے وقت گاڑی کے مالک نے ممکنہ خریدار کے ساتھ اپنے موبائل فون سے ایک سیلفی بھی بنا لی تھی۔

بالکل اسی طرح کی فیراری سپورٹس کار سن 1980 کی دہائی میں ’میگنم‘ نامی امریکی ٹیلی وژن سیریز کے کردار تھامس میگنم کے استعمال میں بھی رہی ہے۔ اسی طرح کی اطالوی ساختہ انتہائی مہنگی سپورٹس کاریں ماضی میں کئی مشہور ٹی وی سیریز اور فلموں میں بھی استعمال کی جاتی رہی ہیں، جن میں سے امریکی ٹی وی سیریز ‘میامی وائس‘ کے علاوہ ’ڈے آف‘ نامی فلم اور جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’گولڈن آئی‘ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

م م / ع ا / اے پی، ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں