ٹک ٹاک ویڈیو میں حملے کی دھمکی، شمالی جرمنی میں ملزم گرفتار
23 دسمبر 2024وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے پیر 23 دسمبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملک کے شمال مغرب میں واقع وفاقی صوبے بریمن کے شہر بریمر ہافن میں پولیس نے آج بتایا کہ اس ملزم کی عمر 67 برس ہے اور اس نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں دھمکی دی تھی کہ وہ اسی شہر کی کرسمس مارکیٹ پر شدید نوعیت کے مجرمانہ حملے کر سکتا ہے۔
کرسمس مارکیٹ حملہ: چار ہلاکتیں، جرمن چانسلر ماگڈے برگ کے دورے پر
اس شخص نے اس ویڈیو میں کہا تھا کہ وہ بریمر ہافن کی مارکیٹ میں عین کرسمس کے دن ''ہر اس شخص کو خنجر کے وار کر کے زخمی کر دے گا، جو کوئی عرب یا کسی جنوبی ملک کا باشندہ نظر آتا ہو۔‘‘
اس ملزم نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی کہا تھا، ''میں ایسا نظر آنے والے ہر فرد پر حملہ کروں گا اور میرے پاس کافی تعداد میں خنجر ہوں گے۔‘‘
ملزم کی نشان دہی کیسے ہوئی؟
جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق اس ملزم کی طرف سے ٹک ٹاک پر یہ ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد بہت سے صارفین نے اس ویڈیو کو فلیگ کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع کر دی تھی۔ اس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کا پتہ چلایا اور اتوار اور پیر کی درمیانی رات اسے گرفتار کر لیا گیا۔
بعد ازاں پولیس کی طرف سے کہا گیا کہ اس ملزم کو ''بہت تیزی سے‘‘ شناخت کر لیا گیا تھا اور وہ عبوری طور پر زیر حراست ہے۔
کرسمس مارکیٹ کے حملہ آور پر قتل کے پانچ الزامات عائد، وارنٹ جاری
پولیس کے مطابق اس ملزم نے ماضی میں کبھی ایسے کوئی بیانات نہیں دیے تھے اور ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے جرمن اداروں کی نظر میں بھی آ گیا ہے اور فی الحال حراست میں ہے۔
بریمر ہافن کی پولیس نے بعد ازاں ایک بیان میں عام صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور فوری طور پر اس ملزم کی وجہ سے عوام کو کوئی خطرہ نہیں۔
ماگڈےبرگ میں کیا جانے والا حملہ
اس ملزم کی طرف سے ٹک ٹاک پر ویڈیو میں بریمر ہافن میں حملے کی دھمکیوں سے قبل وسطی جرمنی کے مشرقی شہر اور صوبے سیکسنی انہالٹ کے دارالحکومت ماگڈےبرگ میں گزشتہ جمعے کی رات ایک 50 سالہ ملزم نے اپنی گاڑی وہاں کرسمس مارکیٹ میں ایک ہجوم پر چڑھا دی تھی۔
جرمن چانسلر کا ماگڈے برگ کرسمس مارکیٹ کا دورہ، ’خوفناک تباہی‘ کی مذمت
2006ء سے جرمنی میں مقیم اور سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے اس ملزم کو، جو ایک ڈاکٹر ہے، پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔ اس حملے میں ایک نو سالہ بچے سمیت پانچ افراد ہلاک اور 200 زخمی ہو گئے تھے۔
جرمنی: کرسمس کی تقریبات پر حملوں کا شبہ، نوجوان پولیس تحویل میں
ماہرین کے مطابق کئی واقعات میں ایسا ہوتا ہے کہ جب ایسا کوئی حملہ کسی ایک جگہ کیا جائے، تو مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے لوگ اسی کی نقل کرتے ہوئے یا انتقامی کارروائی کے طور پر ایسے مزید حملے کرنے کی کوشش بھی کر سکتے ہیں۔
مجرموں کی نفسیات کے ماہرین کے مطابق بریمر ہافن میں حملوں کی دھمکیوں کا ماگڈےبرگ میں کیے گئے حالیہ ہلاکت خیز حملے سے بالواسطہ نفسیاتی تعلق عین ممکن ہے۔
م م / رب (ڈی پی اے)