1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹریزا مے بدھ کو برطانیہ کی وزیر اعظم بن جائیں گی، کیمرون

امتیاز احمد11 جولائی 2016

برطانوی وزارت عظمیٰ کے لیے موجودہ وزیر داخلہ ٹریزا مے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ ان کی خاتون حریف امیدوار اور وزیر توانائی اینڈریا لَیڈسم نے اچانک اس دوڑ سے دست بردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JN6l
Großbritannien Theresa May Conservative Party
تصویر: Getty Images/C. Furlong

یہ بات تو طے تھی کہ اگلا برطانوی وزیر اعظم کوئی مرد نہیں بلکہ ایک خاتون ہوں گی۔ اس سلسلے میں برطانیہ کی حکم ران قدامت پسند پارٹی کی قیادت کے لیے انتخاب نو ستمبر کو ہونا تھا تاہم اس سلسلے میں حیران کن موڑ آج اس وقت آیا جب 59 سالہ ٹریزا مے کی حریف امیدوار اینڈریا لَیڈسم نے وزارت عظمیٰ کے پارٹی انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کر دیا۔ دریں اثناء برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ بطور وزیراعظم مے کی تقرری بدھ کو ہو جائے گی۔

اینڈریا لَیڈسم پر اس وقت شدید تنقید کا آغاز ہو گیا تھا جب انہوں نے یہ کہا تھا کہ ان کی تعلیم مے سے زیادہ ہے اور یہ کہ مے کے بچے بھی ہیں۔

آج انتخاب کی دوڑ سے دست بردار ہوتے ہوئے اینڈریا لَیڈسم کا کہنا تھا، ’’برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے سلسلے میں مے برطانوی عوام کے لیے مثالی طور پر شرائط طے کر سکتی ہیں۔‘‘

Großbritannien London Andrea Leadsom bei Erklärung zum Rückzug
آج انتخاب کی دوڑ سے دست بردار ہوتے ہوئے اینڈریا لَیڈسم کا کہنا تھا، ’’برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے سلسلے میں مے برطانوی عوام کے لیے مثالی طور پر شرائط طے کر سکتی ہیںتصویر: Getty Images/C. Court

دوسری جانب اینڈریا لَیڈسم کے حمایتوں نے بھی اپنی امیدوار کے اس فیصلے کو انتہائی خوش دلی سے قبول کیا ہے۔ ان کے حمایتی اور لندن کے سابق میئر بورس جانسن نے کہا ہے کہ اب برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کو جلد از جلد اقتدار ٹریزا مے کے حوالے کر دینا چاہیے۔

مے کی مخالفت میں مہم چلانے والے مائیکل گووو نے کہا ہے کہ اب ان کی سیاسی جماعت کو ’’جتنی جلد ممکن ہو آگے کی طرف چلنا چاہیے‘‘ اور اب ان کی مکمل حمایت نئی وزیراعظم کے لیے ہو گی۔

دوسری جانب بریگزٹ کے بعد برطانوی کرنسی پاؤنڈ کی قدر میں کمی ہو گئی تھی لیکن اینڈریا لَیڈسم کے اعلان کے بعد اس میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

مے سن دو ہزار دس سے برطانیہ کی وزیر داخلہ ہیں اور وہ ایک مضبوط لیڈر کے طور پر ابھری ہیں۔ مے کا خیال ہے کہ بریگزٹ سے بریگزٹ ہی مراد لی جائے گی لیکن یونین کو خیرباد کہنے کے لیے آرٹیکل پچاس سے قبل برطانوی مذاکراتی عمل واضح اور شفاف ہونا ضروری ہے، اور مذاکراتی عمل کی تکمیل کے بعد ہی اس آرٹیکل کو استعمال میں لایا جائے گا۔

ٹریزا مے برطانیہ کی ’آئرن لیڈی‘ کے نام سے مشہور سابق وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں اور بعض قدامت پسند سیاسی حلقوں کے نزدیک وہ ایک ’مشکل‘ خاتون سیاست دان تصور کی جاتی ہیں۔

حکمران قدامت پسند پارٹی نے آج شام کو ایک اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ مے کی بہ طور پارٹی لیڈر اور بہ طور وزیراعظم باقاعدہ منظوری سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے۔