1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینس فلم فیسٹیول، وینزویلا کی فلم نے میدان مار لیا

عاطف بلوچ13 ستمبر 2015

اٹلی میں وینس فلم میلے میں بہترین فلم کا ’گولڈن لائن ایوارڈ‘ وینزویلا کے ڈائریکٹر لورینزو وِیگاس کے حصے میں آیا۔ انہیں From Afar کی تخلیق پر بہترین فلم کے اس اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا گیا۔

https://p.dw.com/p/1GVle
وینس فلم میلے میں بہترین فلم کا ’گولڈن لائن ایوارڈ‘ وینزویلا کے ڈائریکٹر لورینزو وِیگاس کے حصے میں آیا۔تصویر: Reuters/S. Rellandini

عالمی سطح پر معتبر تصور کیے جانے والے وینس کے فلم فیسٹیول کا بہترواں ایڈیشن ہفتہ بارہ ستمبر کو اختتام پذیر ہو گیا۔ دو ستمبر کو شروع ہونے والے اس یورپی فلمی میلے میں درجنوں فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں، جنہیں شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد نے دیکھا۔

اٹلی کے شہر وینس میں منعقد کیے گئے اس فیسٹیول میں وینزویلا کے ڈائریکٹر لورینزو وِیگاس کی فلم From Afar کو بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی۔ ’گولڈن لائن ایوارڈ‘ وصول کرتے ہوئے انہوں نے جیوری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ یہ انعام اپنے ملک کے نام کرتے ہیں۔

Internationale Filmfestspiele von Venedig 2015 Silberner Löwe
ارجنٹائن کے پابلو تراپیرو کی کرائم ڈرامہ فلم The Clan کو بہترین ہدایتکاری پر سلور لائن ایوارڈ سے نوازا گیاتصویر: picture-alliance/AP/A. Medichini

اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے لورینزو وِیگاس نے بعد ازاں کہا، ’’میرے لیے یہ کچھ حیرت کی بات ہے لیکن میرے ملک میں اس ایوارڈ کو بہت محبت کے ساتھ وصول کیا جائے گا۔ حالیہ کچھ سالوں کے دوران وینزویلا کچھ مشکلات کا شکار رہا ہے لیکن میرے خیال میں یہ ایوارڈ ان مشکلات کو دور کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔‘‘ ہم جنس پرستی کے حساس موضوع پر بنائی گئی فلم From Afar کو وینزویلا میں کچھ خاص پذیرائی نہیں ملی تھی۔

ارجنٹائن کے پابلو تراپیرو کی کرائم ڈرامہ فلم The Clan کو بہترین ہدایتکاری پر سلور لائن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ Puccio فیملی کی حقیقی زندگی پر بنائی گئی اس فلم کو ارجنٹائن میں بہت پسند کیا گیا تھا۔ اغوا کاروں کا یہ گھرانہ اسّی کی دہائی میں دارالحکومت بیونس آئرس میں سرگرم تھا۔ رنر اپ گرینڈ جیوری پرائز امریکی فلم Anomalisa کو ملا۔ چارلی کاؤفمان اور ڈیوک جانسن کی اس اینیمیٹڈ فلم کو بھی اس بین الاقوامی فلمی میلے میں بہت پذیرائی ملی۔

Internationale Filmfestspiele von Venedig 2015 Grand Jury Prize
رنر اپ گرینڈ جیوری پرائز امریکی فلم Anomalisa پر چارلی کاؤفمان اور ڈیوک جانسن (دائیں) کو ملاتصویر: Reuters/S. Rellandini

2008ء میں Synecdoche, New York نامی فلم سے شہرت حاصل کرنے والے کاؤفمان نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی خوش ہیں کہ وینس فلم فیسٹیول میں اینیمیٹڈ فیچر فلم کو بھی پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ بنیادی طور پر اسٹاپ موشن اینیمیٹڈ فلم ہے، لیکن یہ بچوں کے لیے نہیں ہے۔‘‘ اس اینیمیٹڈ فلم میں تصاویر کے بجائے پتلیوں سے عکاسی کی گئی ہے، جس میں یہ پتلیاں ہی ایک سیکس سین میں بھی دکھائی گئی ہیں۔

وینس فلمی میلے میں بہترین اداکار کی کیٹیگری میں ایوارڈ فرانسیسی ایکٹر Fabrice Luchini کے حصے میں آیا۔ Courted نامی فلم میں متاثر کن اداکاری پر انہیں اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ بہترین اداکارہ اطالوی ایکٹرس Valeria Golino قرار پائیں۔ For Your Love نامی فلم میں ان کی اداکاری کو عالمی سطح پر سراہا گیا تھا۔ وینس فلم فیسٹیول میں اعزازات کے لیے مقابلے میں مجموعی طور پر بائیس فلمیں شامل کی گئی تھیں۔