1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ: پہلی مرتبہ ويڈيو اسسٹنٹ ريفری ٹيکنالوجی کا استعمال

16 جون 2018

ورلڈ کپ ميں آج گروپ سی کے ايک ميچ ميں فرانس نے آسٹريليا کو دو کے مقابلے ميں ايک گول سے شکست دے دی۔ اس ميچ کے دوران ورلڈ کپ کی تاريخ ميں پہلی مرتبہ ’ويڈيو اسسٹنٹ ريفری سسٹم‘ کا استعمال ديکھا گيا۔

https://p.dw.com/p/2zgH1
Russland, WM 2018:  Gruppe C: Frankreich - Australien
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Gebert

فٹ بال کے ورلڈ کپ کی تاريخ ميں پہلی مرتبہ ’ويڈيو اسسٹنٹ ريفری سسٹم‘ استعمالن کیا گیا ہے۔ يہ پيش رفت روس ميں جاری عالمی فٹ بال کپ کے گروپ سی کے فرانس اور آسٹريليا کے درميان ہفتے کو کھيلے گئے ميچ ميں سامنے آئی۔ کاذان ميں کھيلے گئے اس ميچ ميں فرانسيسی کھلاڑی انٹوئن گريزمان مخالف ٹيم کی ڈی کے اندر 58 ويں منٹ ميں ايک گر پڑے۔ ميدان ميں موجود ريفری نے اس واقعے پر پينلٹی کک نہ دی تاہم ’ويڈيو اسسٹنٹ ريفری سسٹم‘ نے واقعے کی ويڈيو کا جائزہ لينے کے بعد مخالف ٹيم کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی پر پينلٹی کک دينے کا فيصلہ کيا۔ يوں اس پينلٹی کک پر گريزمان نے گول اسکور کر کے اپنی ٹيم کو ايک صفر کی برتری دلوا دی۔

’ويڈيو اسسٹنٹ ريفری سسٹم‘ اس سے قبل جرمن قومی فٹ بال ليگ بنڈس ليگا اور اطالوی قومی فٹ بال ليگ سيری اے کے علاوہ فيفا کی جانب سے پچھلے سال روس ميں منعقدہ ’کنفيڈريشن کپ‘ ميں استعمال کيا جا چکا ہے۔ تاہم يہ پہلا موقع ہے کہ اسے ورلڈ کپ کے کسی ميچ ميں استعمال  کيا گيا ہو۔ فيفا کے ريفريز کے ڈائريکٹر ماسيمو بوساکا کے بقول امکاناً ورلڈ کپ ميں اس نظام کے استعمال ميں ذرا جلد بازی سے کام ليا گيا تاہم وہ يہ بھی سمجھتے ہيں کہ متعلقہ اہلکار اور ريفری اس ٹيکنالوجی کے ليے تيار ہيں اور اس کی مدد سے ان اہم ميچوں ميں فيصلہ سازی بہتر ہو سکے گی۔

فرانس اور آسٹريليا کے درميان کھيلے گئے ميچ کے باسٹھويں منٹ ميں ايک مرتبہ پھر ٹيکنالوی زير استعمال آئی۔ فرانس کے کھلاڑی سيميول اميٹی کا ہاتھ اپنی ڈی کے اندر بال کو لگ گيا اور ويڈيو کی مدد سے يہ بات ثابت ہو گئی۔ يوں آسٹريليا کو ايک پينلٹی کک دے دی گئی، جس کا Mile Jedinak نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور ايک ايک سے برابر کر ڈالا۔ ليکن ٹيکنالوی کا کرداد ابھی ختم نہيں ہوا تھا۔ ميچ کے اکياسی ويں منٹ ميں فرانسيسی کھلاڑی پال پوگبا کی ايک کک گول لائن سے پار جا چکی تھی، جس کے بارے ميں بھی ويڈيو ہی کی مدد سے پتہ چلا۔ يوں فيصلہ دو ايک سے فرانس کے حق ميں رہا اور اس ميچ ميں ہونے والے تينوں ہی گولز ميں ٹيکنالوی کا کوئی نہ کوئی کردار تھا۔

ع س / ع ح، نيوز ايجنسياں