1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ 2018، جرمنی کا افتتاحی میچ میکسیکو سے

17 جون 2018

روس میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں میں جرمن قومی ٹیم اتوار کے دن میکسیکو کے مدمقابل ہو گی۔ گروپ ایف میں جرمنی کی ٹیم مضبوط ترین قرار دی جا رہی ہے۔ تاہم ناقدین کے مطابق میکسیکو اس میچ میں جرمنی کو کڑا وقت دے گا۔

https://p.dw.com/p/2ziGi
Deutschland Torjubel Draxler mit Müller und Özil
تصویر: imago/ActionPictures

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے چوتھے دن جرمن قومی فٹ بال ٹیم اپنی مہم کا آغاز ماسکو میں میکسیکو کے خلاف کر رہی ہے۔ اس میچ میں جاندار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ گروپ ایف میں جرمنی کی ٹیم مضبوط ترین قرار دی جا رہی ہے تاہم ناقدین کے مطابق میکسیکو اس میچ میں جرمنی کو کڑا وقت دے گا۔

جرمن قومی فٹ بال ٹیم کی ’گولڈن جنریشن‘

دفاعی چیمپئن جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے ہفتے کے دن جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی سے گفتگو میں اپنی حکمت عملی کو خفیہ رکھتے ہوئے کہا کہ وہ غور کر رہے ہیں کہ حتمی حکمت عملی کیا ہونا چاہیے۔ تاہم انہوں نے ایک بات واضح انداز میں کی کہ میکسیکو کے خلاف اس اولین میچ میں ژولیان ڈراکسلر ابتدائی ٹیم کا حصہ ضرور ہوں گے۔

اٹھاون سالہ لوو نے مزید کہا، ’’گزشتہ کچھ مہینوں سے ڈراکسلر بہترین فارم میں ہے۔ مجھے اس سے تواقعات ہیں اور اس ورلڈ کپ میں اپنی انفرادی کارکردگی سے فرق ڈال سکتا ہے۔‘‘

سن دو ہزار چودہ کے عالمی کپ میں بھی جرمنی کے کوچ لوو ہی تھے اور اس ٹیم نے برازیل میں عالمی کپ جیتا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھی جرمنی کو فیورٹ ٹیموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

جرمن ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز گول کیپر مانوئل نوئیر بھی مکمل فٹ ہیں اور وہ بھی اس میچ میں حصہ لیں گے۔ ان کی موجودگی کو جرمن ٹیم کے مورال کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ توقع ہے کہ ترک نژاد جرمن فٹ بالر محسوت اوزل مڈ فیلڈ میں مضبوط کردار ادا کریں گے اور اسٹرائیکر کے طور پر ٹیمو ویرنر میدان میں اتریں گے۔ اطلاعات ہیں کہ لوو، گومیز کی جگہ ویرنر کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

اتوار کے دن دیگر میچوں میں  گورپ ای میں کوسٹا ریکا کی قومی ٹیم سربیا کے مد مقابل ہو گی جبکہ اسی گروپ میں شامل برازیل کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہو گا۔

ہفتے کے دن گروپ ڈی میں کروشیا نے نائجیریا کو دو صفر سے مات دی تھی جبکہ گروپ سی میں ڈنمارک نے پیرو کے خلاف ایک صفر سے بازی مار لی تھی۔ گروپ ڈی میں آئس لینڈ نے اپ سیٹ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے خلاف اپنا میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا تھا۔