1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

والٹيری بوٹاس آذربائيجان گراں پری کے فاتح، مرسیڈيز سرفہرست

28 اپریل 2019

فارمولا ون کی عالمی چیمپئن شپ کے رواں سيزن کی چوتھی ريس آذربائيجان گراں پری اتوار کو باکو ميں منقعد ہوئی، جس ميں مرسیڈيز ٹيم کے ڈرائیور والٹيری بوٹاس پہلے اور ان کے ساتھی برطانوی ڈرائیور لوئس ہيملٹن دوسرے نمبر پر رہے۔

https://p.dw.com/p/3Hacv
Formel 1 - Aserbaidschan-Grand Prix 2019 l Sieger Valtteri Bottas
تصویر: Reuters/M. Shemetov

فارمولا ون کی تاريخ ميں ايسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی ٹيم کے ڈرائیور مسلسل چوتھی مرتبہ پہلی اور دوسری پوزيشنوں پر رہے ہیں۔ اتوار اٹھائيس اپريل کو باکو کے سرکٹ پر جب مرسیڈيز ٹيم کے والٹيری بوٹاس پہلی اور لوئس ہيملٹن دوسری پوزيشن پر رہے، تو نئی تاريخ رقم ہو گئی۔ اس ريس کے اختتام پر بوٹاس نے کہا، ’’جيت ميرے ليے بہت معنی رکھتی ہے۔ ايک ٹيم کے طور پر جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ ہم کر رہے ہيں، وہ ناقابل فراموش ہے۔‘‘

جرمن ڈرائیور سباستيان فيٹل اس ريس ميں تيسرے نمبر پر رہے، حالانکہ عام خيال يہ تھا کہ آذربائيجان کا ریسنگ سرکٹ شاید فیٹل اور ان کی اطالوی ٹيم فيراری کے ليے زيادہ مددگار ثابت ہو گا۔

آذربائيجان گراں پری کے اختتام پر فارمولا ون کے رواں سيزن ميں والٹيری بوٹاس دو کاميابيوں اور ستاسی پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزيشن پر ہيں۔ ان کے ساتھی ڈرائیور لوئس ہيملٹن بھی دو گراں پری مقابلے جیت چکے ہيں اور ان کے پوائنٹس کی تعداد چھياسی ہے، يعنی بوٹاس سے صرف ايک پوائنٹ کم۔ فيراری ٹیم کے جرمن ڈرائیور سباستيان فيٹل واں سيزن ميں اب تک کسی بھی ريس ميں پہلی پوزيشن پر نہيں آئے اور ان کے پوائنٹس کی تعداد باون ہے۔ فيٹل پوائنٹس کے حساب سے اب تک کی مجموعی درجہ بندی میں تيسرے نمبر پر ہیں۔

اگر ان مقابلوں میں شامل ٹيموں پر نظر ڈالی جائے، تو مرسیڈيز کی ٹيم رواں سيزن ميں اب تک اپنی چار فتوحات کے بعد 173 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزيشن پر ہے۔ فيراری ٹیم کے پوائنٹس ننانوے بنتے ہيں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے۔ ريڈ بل ٹيم اپنے چونسٹھ پوائنٹس کے ساتھ تيسری پوزيشن پر ہے۔

فارمولا ون کی اگلی گراں پری ریس اسپين ميں دس تا بارہ مئی منعقد ہو گی۔ ہسپانوی گراں پری کا اہتمام بارسلونا کے سرکٹ پر کیا جاتا ہے۔

ع س / م م، نيوز ايجنسياں