نیپیدیو: میانمار میں آسیان سربراہ کانفرنس
11 مئی 2014میانمار 1997ء سے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کا رکن چلا آ رہا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اُسے آسیان کی سربراہ کانفرنس کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اپنی نوعیت کی اس چوبیس ویں کانفرنس میں بحیرہء جنوبی چین کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، جس کے مختلف حصوں کی ملکیت کے معاملے پر آسیان کے رکن ملکوں اور چین کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ آج اِس دَس رکنی تنظیم کی طرف سے جاری کیے گئے ایک مشترکہ اعلامیے میں اس تنازعے کے تمام فریقوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں، جس سے کشیدگی کو مزید ہوا ملے اور یہ کہ بحیرہء جنوبی چین کے حوالے سے جلد از جلد ایک ضابطہء اخلاق اپنایا جانا چاہیے‘۔
ایک روز قبل اسی طرح کا ایک بیان آسیان کے وزرائے خارجہ کی جانب سے بھی جاری کیا گیا تھا، جس پر بیجنگ حکومت کی جانب سے ناگواری کا اظہار کیا گیا اور وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ بحیرہء جنوبی چین کے حوالے سے چینی تنازعات پر بات چیت دو طرفہ بنیادوں پر ہونی چاہیے۔ ماضی میں بھی چین بحیرہء جنوبی چین کے حوالے سے کسی ضابطہء اخلاق پر دستخط کرنے سے ہچکچاتا رہا ہے اور اُس نے ہمیشہ اس بات کو ترجیح دی ہے کہ سمندری حدود سے متعلق تنازعات کو آسیان کے ایک علاقائی سکیورٹی معاملے کی حیثیت دینے کی بجائے اسے ہر متعلقہ ملک کے ساتھ الگ الگ موضوعِ بحث بنایا جانا چاہیے۔
اس سے پہلے ویت نام نے الزام عائد کیا تھا کہ گزشتہ ہفتے چینیوں نے اپنی کشتیاں ویت نامی کشتیوں سے ٹکرا دیں اور اُن کے خلاف تیز دھار پانی استعمال کیا۔ انڈونیشی وزیر خارجہ مارٹی ناتالے گاوا نے کہا کہ ’بحیرہء جنوبی چین پر آسیان کی طرف سے ایک مشترکہ موقف کے اظہار کا مطلب چین یا کسی بھی دوسرے ملک کی جانب غیر دوستانہ طرزِ عمل روا رکھنا نہیں ہے‘۔
پہلی مرتبہ آسیان سمٹ کی میزبانی کرنے والے میانمار نے سرکاری بیانات میں بحیرہء جنوبی چین کے تنازعے کا ذکر تک نہیں کیا کیونکہ اُس سارے عرصے میں جب میانمار دنیا بھر میں الگ تھلگ ہو گیا تھا، چین ہمیشہ میانمار کا ساتھ دیتا رہا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج میانمار کے صدر تھین سین نے سربراہ کانفرنس میں اپنے افتتاحی خطاب میں بحیرہء جنوبی چین کے تنازعے کی بجائے موسمیاتی تبدیلیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ قدرتی آفات کی صورت میں جلد از جلد کوئی ردعمل ظاہر کرنے کے لیے انسانی امداد کا ایک علاقائی مرکز قائم کیا جانا چاہیے۔ مزید یہ کہ ساحلی علاقوں میں مینگروو درخت لگانے کی ایک علاقائی مہم شروع کی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ مئی 2008ء میں، جب ابھی اس ملک پر فوج کی حکومت تھی، نرگس نامی طوفان نے میانمار کے وسطی علاقوں میں تباہی مچا دی تھی اور کم از کم ایک لاکھ اڑتیس ہزار افراد مارے گئے تھے۔
آسیان کی جانب سے سال میں دو مرتبہ سربراہ کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے اور اس میں خطّے کے اقتصادی انضمام کے ساتھ ساتھ سلامتی سے متعلقہ مسائل کو بھی زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔ آسیان کی پچیس ویں سربراہ کانفرنس بھی میانمار ہی میں اس سال کے اواخر میں منعقد ہو گی۔ آج کل آسیان میں میانمار کے ساتھ ساتھ برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویت نام بھی شامل ہیں۔