نیوزی لینڈ میں نرسوں کے لیے رہائشی ویزے
12 دسمبر 2022نیوزی لینڈ کی حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک میں میڈیکل اسٹاف کی کمی کو پورا کرنا ہے۔ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ملکی امیگریشن نظام میں تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام افراد، جو اہلیت کے حامل ہوں گے، فاسٹ ٹریک ریزیڈنسی حاصل کر پائیں گے۔
نرسنگ اسٹاف کی کمی، کینیڈا میں ایمرجنسی وارڈز بند ہونے لگے
پاکستان، وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے اضافی طبی عملہ تعینات
''گرین لسٹ‘‘ کہلانے والے اس راستے سے خصوصی شعبوں کے ڈاکٹرز بھی نیوزی لینڈ کے رہائشی ویزے کے فوری اہل تصور کیے جائیں گے۔ نیوزی لینڈ میں گرین لسٹ 'ہنریافتہ افراد کے لیے ریزیڈینسی‘ کے نظام کا نام ہے۔
نیوزی لینڈ کی نرسنگ کے شعبے کی ایک تنظیم کے مطابق ملک میں چار ہزار نرسوں کی ضرورت ہے۔ رواں برس کے آغاز پر وزیرصحت اینڈریو لِٹل نے کہا تھا کہ ملک کو صرف ذہنی صحت کے شعبے میں خدمات کے لیے ہی سینکڑوں نرسوں کی ضرورت ہے۔
یہ بات اہم ہے کہ عالمی وبا کے تناظر میں نیوزی لینڈ نے سخت ترین بارڈر کنٹرول نافذ کر رکھا تھا اور رواں برس اگست ہی میں اس ملک کی سرحدیں دو برس سے زائد عرصے کی بندش کے بعد مکمل طور پر کھلی ہیں۔
وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے پیر کے روز کہا، ''نرسیں، جہاں کہیں بھی مقیم ہوں، ان کے لیے میرا پیغام ہے کہ نیوزی لینڈ کام کرنے اور رہنے کی بہترین جگہ ہے۔‘‘
حکومت کی جانب سے ملکی امیگریشن نظام میں ان تبدیلیوں پر تنقید کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ اقدامات پہلے کیے جانے چاہیے تھے۔ اپوزیشن کا موقف ہے کہ ملک میںنرسنگ کے شعبے میں اسٹاف کی قلت کے پیش نظر میڈیکل اسٹاف کو پہلے ہی گرین لسٹ میں شامل کر دیا جانا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ پیر کے روز گرین لسٹ میں مزید دس پیشے بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں ہیلتھ کیئر سے جڑے دیگر کردار، تعلیم اور تعمیراتی شعبہ شامل ہے۔ نیوزی لینڈ میں بے روز گاری کی شرح تین اعشاریہ تین فیصد ہے۔ اس وقت ملک میں فقط ستانوے ہزار افراد بے روزگار یا روزگار کی تلاش میں ہیں۔
ع ت، ا ا (اے ایف پی)