نیوزی لینڈ میں سیوریج کینال چین کی سلامتی کے لیے خطرہ کیسے؟
7 جولائی 2022ویلنگٹن کی سٹی کونسل کے ترجمان رچرڈ میکلین نے جمعرات سات جولائی کے روز خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ساتھ گفتگو میں تصدیق کی کہ بیجنگ حکومت کے دارالحکومت میں ایک زیر زمین سیوریج کینال کو نہ صرف چین کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتی ہے بلکہ اس کا مطالبہ ہے کہ اس سرنگ کو اس کی موجودہ جگہ سے کہیں اور منتقل کر دیا جائے۔
اومیکرون نے کیوی وزیراعظم کی شادی کا منصوبہ برباد کر دیا
رچرڈ میکلین نے بتایا کہ یہ سیوریج کینال اتنی بڑی ہے کہ اس کے اندر بیک وقت کئی انسان آسانی سے چل پھر سکتے ہیں۔ بیجنگ کے لیے یہ کینال تشویش کا سبب اس لیے ہے کہ یہ اسی شہر میں چینی سفارت خانے کی نئی مجوزہ عمارت کے بہت قریب ہے۔ چینی حکام نے ویلنگٹن شہر کے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ اپنی بات چیت میں اس زیر زمین سرنگ کو اپنی 'سلامتی کے لیے مسئلہ‘ قرار دیا ہے۔
ویلنگٹن کی شہری انتظامیہ کا جواب
رچرڈ میکلین کے مطابق ویلنگٹن سٹی کونسل کو اس بات سے کوئی اختلاف نہیں کہ اگر چینی حکومت چاہتی ہے تو اس سیوریج کینال کو قریب ہی اسی شہر کے کسی دوسرے علاقے میں منتقل کر دیا جائے۔ تاہم سٹی کونسل کا مطالبہ ہے کہ اگر بیجنگ حکومت اس سیوریج کینال کی کہیں اور منتقلی کی خواہش مند ہے، تو اس کا انتظام اور اس پر اٹھنے والے اخراجات دونوں چین کو اپنے سر لینا ہوں گے۔
نیوزی لینڈ مسجد حملہ: پاکستانی نژاد سمیت دو افراد کو بہادری کا اعلیٰ ترین ایوارڈ
داعش کی رکن خاتون کی شہریت ختم کرنے پر جیسینڈا آرڈرن برہم
سٹی کونسل کے ماہرین کے مطابق نئے چینی سفارت خانے کی عمارت کے قریب سے اس انڈر گراؤنڈ کینال کی کہیں اور منتقلی ایک بہت بڑا تعمیراتی منصوبہ ہو گا، جس پر عمل درآمد کی صورت میں لاگت تو چین کو ہی برداشت کرنا ہو گی مگر منصوبے پر کام کی نگرانی خود نیوزی لینڈ کرے گا۔
نئے چینی سفارت خانے کی تعمیر میں مسلسل تاخیر
نیوزی لینڈ میں چین کے سفیر وانگ شیاؤلونگ نے اخبار ڈومینین پوسٹ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ویلنگٹن میں چینی سفارت خانہ مقامی بلدیاتی حکام کے ساتھ مل کر ایک 'سکیورٹی رسک‘ کے طور پر اس سیوریج کینال سے جڑا مسئلہ حل کرنے کی کوشش میں ہے۔
نیوزی لینڈ پولیس کی وردی میں حجاب متعارف کرا دیا گیا
چینی سفیر نے کہا کہ ان کے ملک کی خواہش ہے کہ سفارت خانے کی نئی عمارت کی تعمیر کے منصوبے پر اب کام شروع ہو جانا چاہیے۔ چین کے لیے یہ جمود اس لیے درد سر بنا ہوا ہے کہ ویلنگٹن سٹی کونسل نے چینی سفارت خانے کی نئی عمارت کی تعمیر کی منظوری چار سال پہلے دی تھی مگر اس منصوبے پر کام ابھی تک شروع نہیں ہو سکا۔
م م / ع ا (اے ایف پی)