1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نویئر کی شالکے سے بائرن میونخ کو منتقلی تقریبا طے

19 اپریل 2011

جرمن ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق قومی فٹ بال ٹیم کے گول کیپر مانوئل نویئر کی بنڈس لیگا کھیلنے والے کلب شالکے سے بائرن میونخ کو منتقلی کا عمل اپنی تکمیل کے قریب تر ہے۔

https://p.dw.com/p/10vuV
تصویر: picture-alliance/dpa

اس بارے میں میونخ سے شائع ہونے والے جرمن روزنامے زُؤڈ ڈوئچے سائٹنگ نے بائرن میونخ کے سپورٹس ڈائریکٹر کرسٹیان نَیرلِنگر کے حوالے سے لکھا ہے کہ نویئر کی شالکے سے میونخ کو منتقلی کے امکانات کی تردید نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اب سوال صرف یہ ہے کہ اس ٹرانسفر کی جملہ تفصیلات کتنی جلد طے پاتی ہیں۔

شالکے کلب سے اپنی رخصتی کے حوالے سے خود مانوئل نویئر نے اس ٹیم کے بنڈس لیگا چیمپئن شپ کے ویردر بریمن کے خلاف ایک ایک گول سے برابر رہنے والے حالیہ میچ کے بعد کہا تھا کہ ان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ تاہم اس نوجوان جرمن کھلاڑی نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر مانوئل نویئر نے کہا تھا، ’وہ جنہیں علم ہونا چاہیے، انہیں خبر کر دی گئی ہے‘۔

اسی دوران نویئر کے مشیر ٹوماس کروتھ نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ مانوئل نویئر نے ان کے ساتھ مل کر شالکے کے مینیجر ہورسٹ ہَیلٹ اور کوچ رالف رانگنِک سے ملاقات کی، جس دوران انہیں نویئر کے ذاتی فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا۔

Fussball Champions League Schalke 04 gegen Inter Mailand Flash-Galerie
مانوئل نویئر جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم میں گول کیپر کی حیثیت سے کھیلتے ہیںتصویر: dapd

مانوئل نویئر کے شالکے کے ساتھ موجودہ معاہدے کے تحت جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے اس گول کیپر کو سن 2012 کے آخر تک اس جرمن کلب کے لیے کھیلنا ہے، جس کے بعد وہ آسانی سے کسی بھی دوسرے کلب کے لیے کھیل سکیں گے۔

تاہم اگر نویئر نے اگلے سیزن کے اختتام کے بجائے موجودہ سیزن کے اختتام پر ہی شالکے کو خیرباد کہنا چاہا تو انہیں قبول کرنے والے کسی بھی نئے کلب کو ان کی خدمات کے عوض شالکے کو قریب 26 ملین یورو ٹرانسفر فیس کے طور پر ادا کرنا ہوں گے۔

شالکے کی ٹیم ابھی حال ہی میں یورپی فٹ بال کلبوں کے چیمپئنز لیگ نامی مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی تھی اور اس کلب کی انتظامیہ اب نویئر کے بارے میں کسی بھی فیصلے کو لامحدود وقت تک مؤخر بھی نہیں کرنا چاہتی۔ تاہم اسے ابھی تک مانوئل نویئر کے بارے میں بائرن میونخ کی طرف سے کوئی آفر بھی موصول نہیں ہوئی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں