1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں ضمانت منظور

26 اکتوبر 2019

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی انسانی بنیادوں پر انتیس اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/3Rzm3
Pakistan Nawaz Sharif
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.M. Chaudary

ماضی میں تین مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان کی طبیعت خراب ہونے کی خبروں کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بھائی کی ضمانت پر رہائی کے لیے پٹیشن دائر کی تھی۔

نواز شریف کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد کی ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ بیس لاکھ زر ضمانت کے ساتھ نواز شریف کو مشروط ضمانت دی جا رہی ہے اور عدالت منگل کو مقدمے کی تفصیلی سماعت کرے گی۔

اس سے پہلے پنجاب کی صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے نواز شریف کی صحت خراب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی حالت کو باعث تشویش قرار دیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ شب نواز شریف کو دل کا ایک معمولی دورہ بھی پڑا لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ سابق وزیر اعظم کے وکیل نے عدالت میں بھی ہارٹ اٹیک کا ذکر کیا تھا۔

کیا نواز شریف ملک سے باہر جانے والے ہیں؟

العزیزیہ ریفرنس کی سماعت اگلے ہفتے کی جانا تھی تاہم شہباز شریف نے اپنے بھائی کی بگڑتی ہوئی صحت کا حوالہ دے کر ہنگامی سماعت کی اپیل کی تھی۔ اس سے قبل جمعے کو لاہور کی ایک عدالت نے چودہری شوگر ملز کیس میں بھی نواز شریف کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی تھی۔

خرابی صحت کے باعث انہتر سالہ نواز شریف کو پیر کو جیل سے لاہور کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کے جسم میں پلیٹ لٹس کی تعداد خطرناک حد تک کم ہو چکی تھی۔ سابق پاکستانی وزیر اعظم کو ماضی میں بھی دل کے عارضے سمیت دیگر امراض لاحق رہے ہیں۔

ش ح / ش ج (اے پی، اے ایف پی)