1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا

31 جولائی 2018

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت میں بہتری کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہیں دو روز قبل ’ان کی مرضی کے خلاف‘ پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/32P1p
Nawaz Sharif
تصویر: Getty Images/A.Qureshi

بدعنوانی کے الزامات کے تحت اڈیالہ جیل میں قید سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کو دو روز قبل ڈاکٹروں کی ہدایات پر راولپنڈی کے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ پنجاب کے نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید کا اس حوالے سے کہنا تھا، ’’ اب ڈاکٹروں کی ہدایات پر ہی نواز شریف کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔‘‘

شوکت جاوید کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف خود چاہتے تھے کہ انہیں جیل منتقل کیا جائے کیوں کہ وہ ہسپتال میں اپنی روزانہ کی چہل قدمی جاری نہیں رکھ سکتے تھے۔ انہوں نے اپنے اس بیان میں مزید اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو ’ان کی مرضی کے خلاف‘ ہسپتال لایا گیا تھا۔

Abu Dhabi Maryam Nawaz Sharif und Mian Nawaz Sharif
نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو تیرہ جولائی کے روز لندن سے واپس پاکستان پہنچتے ہی گرفتار کر لیا گیا تھاتصویر: Facebook/pml.n.official

پمز ہسپتال کے ایک عہدیدار کا نیوز ایجنسی اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جس وقت نواز شریف ہسپتال سے نکلے، اس وقت ان کی طبیعت بالکل ٹھیک تھی۔

نواز شریف ملکی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ انہیں خاص طور پر نشانہ بنا رہی ہے۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو تیرہ جولائی کے روز لندن سے واپس پاکستان پہنچتے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ قومی انتخابات سے پہلے کرپشن الزامات کے تحت ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

دو روز قبل پنجاب کے وزیراعلیٰ حسن عسکری رضوی کا نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’اڈیالہ جیل کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کی ای سی جی رپورٹ میں تبدیلی نوٹ کی ہے۔‘‘ ای سی جی رپورٹ میں دل کی برقی سرگرمی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

حسن عسکری رضوی کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا، ’’ہم نواز شریف کی صحت سے متعلق کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے، اسی وجہ سے جیل انتظامیہ کو کہا گیا کہ انہیں راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی یا پھر پمز میں فوری طور پر منتقل کیا جائے۔‘‘

 نواز شریف کو انسداد بدعنوانی کی عدالت کی طرف سے چھ جولائی کو دس برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

ا ا / ع ح (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)