نائجیریا: دو کار بم دھماکوں میں ہلاکتیں 51 تک پہنچ گئیں
2 مارچ 2014خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ریڈکراس کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتہ کی شب ہونے والے ان دھماکوں کے نتیجے میں چند عمارتیں منہدم ہو گئیں جبکہ کئی دیگر میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس اہلکار کے مطابق بہت سے دیگر افراد کا ابھی تک ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ مزید یہ کہ ان عمارتوں سے ابھی تک دھواں اٹھ رہا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق يہ دھماکے ہوائی اڈے کے قریب ایک بازار میں ہوئے۔ نائجیریا کا یہ شہر دراصل شدت پسند تنظیم بوکو حرام کا گڑھ ہے۔ ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم بوکو حرام کی جانب سے ماضی میں بھی اس طرح کی کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔
دھماکوں میں زخمی ہونے والوں نے اے پی کو بتایا کہ ہلاک شدگان میں بچے بھی شامل ہیں جو اس وقت جاری شادی کی ایک تقریب میں رقص کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ ایک آؤٹ ڈور اسکرین پر فٹبال میچ دیکھنے میں مصروف افراد بھی ان دھماکوں کا نشانہ بنے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دھماکے کے متاثرین کو تین مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا گیا تاہم ان کی تعداد کیا ہے اس کے بارے میں تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں۔
دہشت گردی کے خلاف کام کرنے والے ایک گروپ کے سربراہ حسن علی کے مطابق اب تک 50 لاشیں ملبے تلے سے نکالی جا چکی ہیں۔ علی کے مطابق پہلا دھماکا ایک کار میں ہوا جس سے بہت زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ تاہم جب لوگ متاثرہ جگہ پر جمع ہوئے تو اسی دوران ایک پِک اپ ٹرک میں دھماکا ہوا جو بہت زیادہ نقصان کا سبب بنا۔
عینی شاہدین کے مطابق لوگوں نے ایک ایسے شخص کو پکڑا جو اس کار سے نکل کر فرار ہونے کی کوشش میں تھا جس میں پہلا دھماکا ہوا تھا۔ مشتعل ہجوم نے اس شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس کے بعد اسے نزدیکی ہسپتال پہنچا گیا جہاں ایک سکیورٹی گارڈ کا کہنا تھا کہ وہاں لائے گئے تمام زخمی ہلاک ہو گئے ہیں۔