1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے ڈیجیٹل دَور کے نئے ہیروز کی ایک مثال

13 جولائی 2010

کسی کو شہرت اپنی بے پناہ دولت کے باعث ملتی ہے تو کوئی فلم، TV اور موسیقی کی دنیا میں زبردست کامیابی سمیٹتے ہوئے یہ منزل حاصل کرتا ہے لیکن امریکہ کی کم کارداشیان کو بے حساب شہرت سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے ملی ہے۔

https://p.dw.com/p/OGlS
کم کارداشیان ایک نیوز کانفرنس میںتصویر: AP

اِس اُنتیس سالہ خاتون کو ملنے والی شہرت سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ آج کی دُنیا میں ایک سٹار بننے کے لئے ایک کامیاب اداکار یا گلوکار بننا ضروری نہیں بلکہ آپ کو اِس قابل ہونا چاہئے کہ دُنیا آپ کے نام سے واقف ہو، آپ کو زیادہ سے زیادہ جانتی ہو۔ آج کل کی ڈیجیٹل دُنیا میں سوشل نیٹ ورکنگ وَیب سائٹس نے کئی ایسے لوگوں کو، جو کل تک گمنام تھے، اچانک شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے اور کم کارداشیان ایسی ہی ایک مثال ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ کارداشیان ایک برانڈ کی حیثیت اختیار کر گئی ہے اور اِس میں بنیادی کردار فیس بُک اور ٹویٹر جیسی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ساتھ ساتھ خود اُس سے موسوم وَیب سائٹ کم کارداشیان ڈاٹ سیلے بَز نے ادا کیا ہے۔ جریدے ’پیپل‘ کے سینیئر ایڈیٹر ڈیوڈ کپلان کے خیال میں مشہور اداکار اور گلوکار اپنی اپنی وَیب سائٹس پر اپنے پیغامات میں زیادہ تر اپنے آئندہ منصوبوں کے بارے میں غیر دلچسپ پیغامات تحریر کرتے رہتے ہیں، اِس کے برعکس کارداشیان کی لکھی ہوئی آن لائن تحریریں اتنی دلچسپ ہوتی ہیں کہ شائقین اُن کے ہمہ وقت منظر رہتے ہیں۔ وہ اچانک ٹویٹر پر کوئی چٹکلا چھوڑ دے گی، کوئی اشتعال انگیز تحریر لکھ دے گی اور کچھ ہی دیر میں ہر طرف اُس بات کا چرچا ہونے لگے گا۔

ایک وقت تھا کہ لوگ ایک دوسرے سے یہ پوچھتے تھے کہ یہ کم کارداشیان کون ہے۔ اب یہ حال ہے کہ کم کارداشیان کی ذاتی وَیب سائٹ کو ناظرین ماہانہ چوبیس ملین مرتبہ کلک کرتے ہیں اور اِس اعتبار سے یہ وَیب سائٹ آل ٹیلنٹ وَیب سائٹس میں آج کل پہلے نمبر پر ہے۔ کارداشیان کی وَیب سائیٹ کے منتظم ادارے بَز میڈیا نے بتایا ہے کہ صرف اِس وَیب سائیٹ کے اپنے یُوزرز یا صارفین کی ماہانہ تعداد 1.5ملین ہے۔

آج کل کارداشیان کا اپنا ایک ریئیلٹی ٹی وی شو ہے، ’کیپنگ اَپ وِد دی کارداشیانز‘، جس میں وہ اپنی دو بہنوں اور اپنی مینیجر ماں کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہے۔ اُس کا باپ لاس اینجلس کا ایک وکیل ہے۔

کچھ صحافتی حلقے اُسے یہ کہہ کر ہدفِ تنقید بناتے ہیں کہ اُسے یہ ساری شہرت اپنی کسی خوبی کی وجہ سے نہیں بلکہ محض ڈیجیٹل میڈیا کی بدولت حاصل ہوئی ہے۔ تاہم خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے کم کارداشیان نے کہا کہ اِس طرح کی تنقید کو وہ منفی طور پر نہیں لیتی کیونکہ اُسے بہرحال یہ فخر ہے کہ وہ محنت کرتی ہے، وہ ایک بزنس سٹور کی مالکہ ہے اور یہ کہ وہ فیشن کی دُنیا میں سرگرمِ عمل ہے۔

آج کل زیادہ خوبصورت اور سمارٹ نظر آنے کے لئے کم کارداشیان کی اپنی ڈائیٹ مصنوعات ہیں اور اُس کے نام سے ایک خوشبو بھی مارکیٹ میں ہے۔ اُس کی شہرت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ حال ہی میں نیویارک کے مادام تُساؤ میوزیم میں اُس کے ایک مومی مجسمے کی نقاب کُشائی کی گئی۔ اِس موقع پر کم نے وہی مختصر گلابی لباس پہنا ہوا تھا، جو اُس کے مومی مجسمے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں