میں کہیں نہیں جا رہا، محمد صلاح
11 مئی 2018خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مصری قومی فٹ بال ٹیم کے معروف کھلاڑی محمد صالح کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ مستقبل میں لیور پول کے ساتھ ہی رہیں گے۔ صلاح نے اس تناظر میں کہا کہ رواں سیزن تو ابھی ایک آغاز ہے۔
چیمپئنز لیگ کے فائنل میں میڈرڈ کو کڑا وقت دیں گے، کلاپ
فٹ بال ورلڈ کپ 2018: کون اندر، کون باہر؟
جرمنی نے فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا
جمعرات کی رات منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں انہیں لیور پول کے بہترین فٹ بالر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا، جس کے بعد ہونے والی ووٹنگ میں انہیں فٹ بال رائٹرز ایسوسی ایشن کے اعزاز کے لیے بھی منتخب کیا گیا۔
صلاح نے لیور پول ٹیم کے رکن کے طور پر اپنے مداحوں سے کہا، ’’میں یہاں بہت خوش ہوں۔ یہاں سب کچھ بہترین ہے۔ لیور پول کے ساتھ میں اپنا مستقبل دیکھ رہا ہوں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہمارے لیے یہ سیزن بہت شاندار ثابت ہوا ہے۔ ہم چیمپئنز لیگ کے فائنل تک رسائی حاصل کر چکے ہیں اور ہر کوئی پرجوش ہے۔‘‘
محمد صلاح نے مزید کہا، ’’یہ تو ابھی آغاز ہے۔ اس کلب کے ساتھ یہ میرا پہلا سال ہے اور دیگر کئی کھلاڑی بھی پہلی مرتبہ لیور پول کے لیے کھیل رہے ہیں۔ میں یہی کہوں گا کہ یہ صرف شروعات ہے۔‘‘
پچیس سالہ صلاح نے رواں سیزن میں لیور پول کے لیے 43 گول کیے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ موسم سرما میں روما کلب کو خیرباد کہتے ہوئے انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم لیور پول میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اپنے شاندار کھیل کے باعث صلاح کا موازنہ اسٹار کھلاڑیوں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سے کیا جانے لگا ہے۔ ایسی خبریں بھی ہیں کہ ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ صلاح کو خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
چیمپئنز لیگ کے فائنل میں رئیل میڈرڈ اور لیورپول ہی آمنے سامنے ہیں۔ لیور پول کے جرمن کوچ ژورگن کلاپ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم اس یورپی چیمپیئن شپ کے اس اہم میچ میں میڈرڈ کو کڑا وقت دینے کے لیے تیار ہے۔ تاہم لیور پول کی ٹیم ابھی تک انگلش پریمیئر لیگ میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے اور اس مرتبہ ٹائٹل جیتنے کی خاطر اسے کافی محنت کرنا ہو گی۔
ع ب / ش ح / خبر رساں ادارے