میچ فکسنگ، ’پی سی بی کا دوہرا معیار‘
2 جولائی 2012ناقدین کے بقول میچ فکسنگ کے معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا دوہرا معیار سامنے آرہا ہے۔ ایک طرف پاکستان کرکٹ بورڈ اسپاٹ فکسنگ کیس کے ایک مجرم محمد عامر کی بین الا قوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے درپردہ کوششوں میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب پی سی بی حکام سابق کپتان سلمان بٹ اور لیگ اسپنر دانش کنیریا کے معاملات سے صاف لاتعلقی ظاہر کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے دو ہزار دس میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں فکسڈ نوبولز کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر کے اقبال جرم کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی کے ساتھ ملکر ان کی اصلاح کے لیے قدم اٹھایا ہے۔ پی سی بی نے دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عامر کے لیے لاہور میں ایک ماہر نفسیات کی بھی خدمات حاصل کی ہیں۔ تاہم اسی کیس میں عامر کی طرح ہی سزا پانے والے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ جنہوں نے حال ہی فکسڈ نوبولز کا ملبہ محمد عامر پرہی گرایا ہے، پی سی بی سے کوئی ہمدردی نہیں سمیٹ سکے۔
لندن کی جیل میں آٹھ ماہ گزارنے کے بعد لاہور میں اپنے کرکٹ کلب واپس پہنچنے پر سلمان بٹ پر گل پاشی کی گئی ہے۔ سلمان کا کہنا تھا کہ ان سے برطانیہ میں ناانصافی ہوئی اور اب پاکستان کی آزاد عدلیہ کو اس مقدمے کی تمام دستاویزات دیکھ کر فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ سلمان بٹ کے مطابق انہیں محمد عامر کے اقبالی بیان کی وجہ سے سزا کا سامنا کرنا پڑا حالانکہ فکسڈ نوبالز کی منصوبہ بندی محمد عامر نے بک میکر مظہر مجید کے ساتھ مل کر کی تھی۔
سلمان نے نامہ نگاروں کوعامر اورمظہر مجید کے درمیان دو ہفتوں میں بلیک بیری فون پرہونے والے نو ہزار پیغامات کے تبادلے کی دستاویز بھی دکھائی۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیر مین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ برطانیہ سے سزا یافتہ ہیں۔ ذکاء اشرف کے بقول پاکستان کے چیف جسٹس اس معاملے کی انکوائری کر سکتے ہیں مگر پی سی بی کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ ذکاء اشرف کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سلمان بٹ کے ذاتی قول وفعل کا ذمہ دار نہیں۔
دوسری طرف برطانوی کاؤنٹی کرکٹ میں میچ فکسنگ کی پاداش میں تاحیات پابندی کا سامنا کرنے والے ایک اور پاکستانی کرکٹر دانش کنیریا کو بھی پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاوارثوں کی طرح برطانوی کرکٹ بورڈ کے رحم وکرم پر چھوڑ رکھا ہے۔اس بابت سوال پر ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ دانش کنیریا کو پیغام بھجوایا تھا مگر اس نے ہم سے تعاون کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد پی سی بی ان کے معاملے میں کوئی کردار ادا نہیں کرسکتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی اور برطانوی کرکٹ بورڈ کے دباؤ پر ملکی تاریخ کے سب سے کامیاب اسپنر دانش کنیریا پر پاکستان میں بھی عمر بھر کے لیے کرکٹ کے دروازے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
رپورٹ: طارق سعید، لاہور
ادارت: عاطف بلوچ