1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میونخ : سی ایس یو کی مہاجرین مخالف پالیسی کے خلاف مظاہرہ

23 جولائی 2018

جرمن شہر میونخ میں قریب پچیس ہزار افراد نے صوبہ باویریا میں چانسلر میرکل کی اتحادی جماعت کرسچین سوشل یونین کے مہاجرت پر سخت موقف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ باویریا میں تین ماہ بعد ریاستی انتخابات ہونے والے ہیں۔

https://p.dw.com/p/31upp
München Demonstration #ausgehetzt
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Gebert

اتوار کے روز میونخ میں ہونے والا یہ مظاہرہ قدامت پسند سیاسی جماعت کرسچین سوشل یونین کی مقبولیت میں کمی کی ایک اور نشانی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے سامنے آنے والے ایک سروے کے نتائج کے مطابق سی ایس یو کی مقبولیت کی شرح اڑتیس فیصد رہی جبکہ سن 2013 کے صوبائی انتخابات سے قبل یہی شرح 47اعشاریہ سات فیصد تھی۔

مارچ کے منتظمین کا کہنا تھا کہ سی ایس یو ’باعث تفریق غیر ذمہ دارانہ سیاست‘ کر رہی ہے۔ منتظمین نے سی ایس یو کے سربراہ اور جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر اور باویریا صوبے کے وزیر اعلیٰ مارکوس زوئیڈر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ  دائیں بازو کے نظریات معاشرے میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Deutschland Demonstration ausgehetzt in München
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Gebert

مظاہرین میں شامل ایک شخص آکسل وائین گائرٹنر نے کہا،’’میں سی ایس یو کے سیاستدانوں کی جانب سے آنے والے ’غیر انسانی‘ بیانات کے خلاف احتجاج کر رہا ہوں۔‘‘

مظاہرے میں شریک افراد کی تعداد پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار پر مشتمل ہے۔ اس مظاہرے کے بعد سی ایس یو نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے یہ پیغام پوسٹ کیا،’’ یہ مظاہرہ ایک ’سیاسی تخریب کاری‘ تھا۔ باویریا میں رہنے والے جانتے ہیں کہ انہیں سی ایس یو سے کیا چاہیے۔‘‘

انفرا ٹیسٹ پول کے مطابق باویریا میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی تارکین وطن اور اسلام مخالف جماعت اے ایف ڈی کی مقبولیت کا گراف بارہ فیصد ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اکتوبر میں باویریا میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں اے ایف ڈی کو پہلی بار صوبائی اسمبلی میں انٹری مل جائے گی۔

ص ح / ع ت / اے پی