1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل کی وین جیاباؤ سے ملاقات

16 جولائی 2010

جرمن چانسلر انگیلا میرکل چین کے ساتھ باہمی تعلقات کو ایک نئی جہت دینا چاہتی ہیں۔ چینی وزیراعظم وین جیا باؤ نے بھی جرمن چانسلر کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مزید گہرے تعاون پر زور دیا۔

https://p.dw.com/p/ONVE
تصویر: AP

چینی وزیراعظم وین جیا باؤ نے نے کہا کہ تعاون کے فروغ سے جرمنی اور چین کو ترقی کے اہم مواقع میسر ہوں گے۔ جرمن چانسلر جب بیجنگ پہنچیں تو ان کا استقبال گارڈ آف اوننر کے ساتھ کیا گیا۔ دھند اور شدید گرمی کی وجہ سے یہ تقریب ایک ہال میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر چینی حکام کی جانب سے جرمن چانسلر کے لئے بہترین مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ چینی وزیراعظم وین جیا باؤ اور جرمن سربراہ حکومت نے اپنی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

انگیلا میرکل کا کہنا تھا کہ جرمنی اور چین کے تعلقات اب اس سطح پر آ گئے ہیں،جہاں متنازعہ موضوعات پرکھل کر بات ہو سکتی ہے۔ میرکل نے کہا کہ وہ باہمی تعلقات کو پھر سے ایک نئی سطح پر استوار کرنا چاہتی ہیں۔ جرمنی اور چین ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور اشتراک عمل کو مستقبل میں مزید فروغ دیں گے۔ دونوں حکومتوں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ ایک اچھا اور اہم قدم ہے اوریہ مشاورتی اجلاس سالانہ بنیادوں پر منعقد کیا جانا چاہیے۔

Angela Merkel China Besuch
جرمن چانسلر انگیلا میرکل جب بیجنگ پہنچیں تو ان کا استقبال گارڈ آف اوننر کے ساتھ کیا گیاتصویر: AP

ساتھ ہی چینی وزیراعظم نے بھی جرمن چانسلر کے اس دورے کے دوران دونوں ملکوں کے مابین طے پائے جانے والے دو طرفہ معاہدوں اور تجارتی تعلقات میں فروغ کی کوششوں کو سراہا۔ وین جیاباؤ کا کہنا تھا کہ جرمنی اور چین کے تعلقات نے عالمی اقتصادی بحران کا بہت خوبی سے مقابلہ کیا ہے۔

لیکن اس ملاقات میں تعریفی کلمات کے علاوہ تنقیدی جملے بھی سننے کو ملے۔ چانسلر میرکل نے چین کے ساتھ کام کرنے والی جرمن کمپنیوں کے لئے بہتر مواقعوں کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس امر کی طرف توجہ دلائی ہے کہ غیر ملکی اداروں کے طور پر چین میں ہمیں سرمایہ کاری کی وہی سہولتیں ملیں، جو جرمنی غیر ملکیوں کو دیتاہے۔ وہ نہیں چاہتیں کہ کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی کی جائیں۔

میرکل نے، چین کی جانب سے یورپی منڈیوں کے لئے اپنی برآمدات میں سہولت دینے کے مطالبے کو رد کیا۔ جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ چین نے ابھی تک اس حوالے سے تمام شرائط پوری نہیں کی ہیں۔ ساتھ ہی جب ذرائع ابلاغ کی آزادی کی بات آئی تو بھی جرمنی اور چین کے موقف میں اختلاف نظر آئے۔ جس وقت جرمن چانسلر آزادی اظہار کی اہمیت کو اجاگر کی رہی تھیں تو چینی وزیر اعظم جیا باؤ کہہ رہے تھے کہ ذرائع ابلاغ کو چین جرمن تعلقات کو مثبت انداز میں بیان کرنا چاہیے۔ یہ نا صرف دونوں ملکوں بلکہ پوری دنیا کے حق میں ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کل ہفتے کے روز وین جیا باؤ کے ساتھ مغربی چین میں اُس جگہ کا دورہ کریں گی، جہاں چین کے پہلے شہنشاہ کی فوج ”ٹیراکوٹا آرمی“ کے مجسمے دریافت ہوئے تھے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : کشور مصطفی