میرکل ٹرمپ سے زیادہ مقبول
2 اکتوبر 2018جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق پی ای ڈبلیو ریسرچ سنٹر کی طرف سے کرائے گئے اس سروے میں دنیا کے 25 ممالک میں 26 ہزار لوگوں سے سوالات کیے گئے۔ سروے میں شریک لوگوں سے دنیا کے پانچ رہنماؤں کے بارے میں پوچھا گیا۔ ان میں 52 فیصد کا کہنا تھا کہ انہیں جرمن چانسلر انگیلا میرکل پر اعتماد ہے کہ وہ عالمی معاملات میں درست فیصلے کریں گی۔ ان کے مقابلے میں ٹرمپ کے بارے میں ایسی رائے کا اظہار محض 27 فیصد افراد نے کیا۔
ڈی پی اے کے مطابق جن پانچ عالمی رہنماؤں کے بارے میں یہ سوال کیا گیا ان میں ٹرمپ اور میرکل کے علاوہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن، چینی صدر شی جِن پِنگ اور فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں شامل ہیں۔ ان تمام رہنماؤں کے مقابلے میں ٹرمپ پر سب سے کم لوگوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
ٹرمپ پر سب سے کم اعتماد کا اظہار میکسیکو کے باشندوں نے کیا جو محض چھ فیصد رہا۔ تاہم اسرائیل وہ واحد ملک ہے جہاں صدر ٹرمپ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اسرائیل کے لیے امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے کے ایک برس بعد اسرائیل میں ٹرمپ کی ریٹنگ 56 فیصد سے بڑھ کر 69 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
میرکل ہالینڈ میں سب سے زیادہ مقبول رہیں جہاں 85 فیصد نے ان کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا جبکہ ان کی کم ترین مقبولیت یونان میں رہی جہاں محض 15 فیصد افراد نے نے ان پر اعتماد ظاہر کیا۔
پی ای ڈبلیو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے کرائے جانے والی اس اسٹڈی کے مطابق ٹرمپ کی قیادت پر سب سے زیادہ بد اعتمادی امریکا کے بعض بہت قریبی اتحادی ممالک میں زیادہ دیکھنے میں آئی۔ مثلاﹰ فرانس میں محض نو فیصد افراد نے ٹرمپ پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا جبکہ کینیڈا میں 25 فیصد نے۔
ا ب ا / ع ت (ڈی پی اے)